بلوچستان کے ضلع نصیرآباد اور جعفرآباد میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کرنے کا فیصلہ

منگل 21 ستمبر 2021 00:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) بلوچستان کے ضلع نصیرآباد اور جعفرآباد میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کرنے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں دونوں اضلاع کی ایک ایک یونین کونسل میں آئندہ ماہ سے پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔پیر کوپارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی کی ہدایت پر سیکرٹری صحت عزیزاحمد کی زیرصدارت ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر گل سبین اعظم غوریزئی ،نجی کمپنی فیروز سنز اور گلیڈکے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اسوقت بلوچستان کے دو اضلاع نصیرآباد اور جعفرآباد میں ہیپاٹائٹس کا پھیلاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے جسے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اکیلے پر حکومت کیلئے کنٹرول کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیروز سنز اور گلیڈ کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس پروگرام کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے گااس سلسلے میں نصیرآباد اور جعفرآباد کی ایک ایک یونین کونسل میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مصر ماڈل کے تحت کام کرتے ہوئے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے گی ساتھ ہی ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ،ٹیسٹنگ اور علاج معالجے اوراسکے بعد پھرسے ٹیسٹنگ کے ماڈل پرعملدرآمدکیا جائے گا اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ ماہ حکومت بلوچستان اور دونوں پرائیویٹ کمپنیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعدمنصوبے پرعملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں