سپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس

مردم شماری کے فارم میں معذوروں کا خانہ ختم کردیاگیا ہے جس کی وجہ سے معذور افراد مردم شماری کے عمل میں حصہ لینے سے محروم رہ جائیں گے اس لئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت رجوع کرے کہ مردم شماری کے فارم میں معذوروں کا خانہ دوبارہ شامل کرنے کو یقینی بنائے رکن بلوچستان اسمبلی پرنس احمد علی نے مردم شماری فارم سے متعلق مشترکہ قرار داد پیش کر دی

پیر 13 مارچ 2017 23:39

ق*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) بلوچستان اسمبلی کے رواں سیشن کا آخری اجلاس پیر کو سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا تو پرنس احمد علی نے مردم شماری فارم سے متعلق مشترکہ قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے فارم میں معذوروں کا خانہ ختم کردیاگیا ہے جس کی وجہ سے معذور افراد مردم شماری کے عمل میں حصہ لینے سے محروم رہ جائیں گے اس لئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت رجوع کرے کہ مردم شماری کے فارم میں معذوروں کا خانہ دوبارہ شامل کرنے کو یقینی بنائے ۔

تاکہ معذور افراد کو امسال منعقد ہونے والی مردم شماری میں شرکت کاموقع مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں دنیا بھر میں معذورا فراد کے لئے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں ملک میں مردم شماری ہونے والی ہے اس میں معذور افراد کو شمار نہ کیا گیا تو یہ بڑی ناانصافی ہوگی اور ان کی تعداد سامنے نہیں آسکے گی ۔

(جاری ہے)

اے این پی کے انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا کہ انہوں نے مردم شماری فارم میں معذورا فراد کا خانہ شامل کرانے کی بھرپور کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی اب جبکہ فارم چھپ چکے ہیں اس میں تبدیلی شاید مشکل ہو انہوںنے تجویز دی کہ مردم شماری فارم میں معذور افراد کے اندراج کے لئے مینوئل طریقہ اختیار کیا جائے ۔

پشتونخوا میپ کے ولیم جان برکت نے کہا کہ مردم شماری فارم میں معذور افراد کے لئے خانہ نہیں رکھا گیا ہے اب ایسا کرنا ممکن نہیں لہٰذا فارم میں کسی بھی طرح سے معذور افراد کے اندراج کو یقینی بنایا جائے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ بہت بڑی تعداد میں فارم چھپ چکے ہیں جن میں معذورا فراد کے لئے خانہ نہیں ہے مردم شماری میں معذور افراد کو شامل کیا جانا اس لئے بھی ضروری ہے کہ اس کی بنیاد پر ملازمتوں و دیگر میں ان کا کوٹہ طے کیا جاتا ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات کی جائے کہ مردم شماری فارم میں معذور افراد کو مینوئل طریقے سے شامل کیا جائے تاکہ یہ مسئلہ سردخانے کا شکار نہ ہو سپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے قرار دادکو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو مردم شماری میں شامل کیا جانا چاہئے انہوں نے ایوان کے سامنے انجینئرزمرک خان کی تجویز رکھتے ہوئے تجویز دی کہ قرار داد کے متن میں معذور افراد کا خانہ کا لفظ نکال کر مردم شماری میں معذوروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔

ایوان نے اس ترمیم کے ساتھ قرار داد متفقہ طو رپر منظور کرلی ۔اجلاس میں سی اے پی کی تمام شاخوں میں یوم دولت مشترکہ 2017ء منانے کے حوالے سے عام بحث ہوئی سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی نے دن کی اہمیت سے متعلق ارکان کو بتایا کہ بلوچستان اسمبلی میں پہلی مرتبہ یہ دن منایا جارہا ہے جبکہ پوری دنیا میں یہ دن ہر سال منایا جاتا ہے دولت مشترکہ دنیا کے باون ممالک کی تنظیم ہے اور ان ممالک کی آبادی دو ارب سے زائد ہے یہ ممالک ماضی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر سلطنت برطانیہ کے ماتحت رہے ہیں یہ تنظیم رکن ممالک میں امن جمہوریت معاشی ترقی کے لئے کام کرتی ہے اور اس سال اس کا موضوع امن ہے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ باون ممالک کی تنظیم کا من ویلتھ رکن ممالک کو درپیش مسائل پر غور اور ان کے حل کے لئے اقدامات کرتی ہے اس وقت ہم سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں اورہمیں امن کی ضرورت ہے اورہم بھی یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر حال میں امن کو برقرار رکھاجائے ۔

کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت نہ کرے اور یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت سے روکے ۔افغانستان میں بھی بیرونی مداخلت بند ہوئے بغیر امن کا قیام مشکل ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کے وسائل انسانوںکے لئے ہیں اور ان کے لئے استعمال ہونے چاہئیں ہم غربت خوراک کی قلت ماں و بچے کی شرح اموات سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہیں انہوںنے کہا کہ کامن ویلتھ کی جانب سے امن جمہوریت اظہار رائے کی آزادی کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے ہم بھی اس کے خواہاں ہیں انہوںنے کہا کہ چند بڑے ممالک کی اجارہ داری کے باعث چھوٹے ممالک کی معیشت اور ترقی رک گئی ہے اقوام متحدہ اور کامن ویلتھ کو سب کی یکساں ترقی اور مسائل کے حل پر توجہ دینی ہوگی ۔

انجینئرزمرک خان نے کہا کہ یہ دن منانے کا فیصلہ اچھا ہے دیکھا جائے کہ کامن ویلتھ نے ہمارے ملک کے لئے کیا کیا ہے بلوچستان زرخیر اور قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود پسماندہ ہے ہم نے اپنے مسائل کو خو د بھی حل کرنا ہوگا ہر بات کے لئے کامن ویلتھ کے لئے نہیں دیکھنا ہوگا کامن ویلتھ امن کے قیام میں ہمارا ساتھ دے ہمیں امن کے لئے خود بھی موثر پالیسیاں بنانا ہوں گی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ دولت مشترکہ برطانوی سامراج کے ماتحت رہنے والے ممالک کی تنظیم ہے دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد جب برطانیہ کمزور ہوا تو اس نے اپنی نوآبادیات ختم کرنے کی پالیسی اپنائی جس کے بعد بہت سے ممالک نے آزادی حاصل کی 1949ء میں برطانیہ نے دولت مشترکہ قائم کیا تاکہ ان ممالک کے مسائل حل کئے جائیں مگر دیکھا جائے تو کشمیر سمیت بہت سے مسائل اسی کے پیدا کردہ ہیں ہمیں ماضی کو سمجھنا ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کے ساتھ امن کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا۔

جمعیت العلماء اسلام کی شاہدہ رئوف نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک امن کا خواہش مند ہوتا ہے ہماری بھی خواہش ہے کہ ہمارے ملک اور صوبے میں امن قائم ہو ایک دوسرے کا احترام اور برداشت ریاستوں کی سطح پر ہونا چاہئے ایک دوسرے کا موقف سننا اور اس کا احترام ضروری ہے ریاستوں کی سطح پر نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہوگاکامن ویلتھ کے رکن ملک ہونے کی حیثیت سے ہمین دیکھنا ہوگا کہ ہمیں اس سے کیا فائدہ ہورہاہے مسلم لیگ(ن)کے پرنس احمد علی نے کہا کہ 1949ء میں برطانوی سامراج نے یہ سمجھ لیا کہ وہ مزید نوآبادیات قائم نہیں رکھ سکتا جس کے بعد کامن ویلتھ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے ایجنڈے میں امن جمہوریت انصاف اورا ظہار آزادی کو ضروری سمجھا گیا برطانیہ نے اپنی نوآبادیات کو گڈ گورننس کے لئے ختم کیا اور آج امن سب سے بڑی ضرورت ہے ۔

مجلس وحد المسلمین کے سید آغا رضا نے کہا کہ امن ہر انسان کے لئے ضروری ہے مگر بدقسمتی سے ہم دیکھتے ہیں کہ عالمی اداروں اور معاہدوں کو بڑی طاقتیں اپنے مفاد کے لئے استعمال کرتی رہی ہیں کامن ویلتھ کے بارے میں بھی اسی طرح کی باتیں کی جاتی رہی ہیںاظہار رائے کی آزادی جمہوریت امن یہ ہم سب کی خواہش ہے کامن ویلتھ کے قیام کے وقت جن باتوں کی ضرورت کو محسوس کیا گیا تھا ان پر عمل کی بھی ضرورت ہے صوبائی وزیر نواب محمدخان شاہوانی نے کہا کہ پوری دنیا میں امن اورانسانیت کی خدمت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیاجاتا ہے انہوںنے کہا کہ ایک جانب بدامنی پھیلانے والے عناصر ہیں دوسری جانب امن کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے والے ہیں اور یہی ادارے اور لوگ قابل تحسین ہیں ۔

اجلاس میں انجینئرزمرک خان نے کنٹریکٹرز کی جانب سے ارکان اسمبلی پر کرپشن کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار کے ذریعے لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے انکوائری کمیٹی کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے انکوائری شروع کرتے ہوئے کنٹریکٹروں کو طلب کیا اور اس بات ان سے دریافت کیا جس پر کنٹریکٹروں نے زبانی طور پر معذرت کی تاہم ہم نے ان سے کہا کہ زبانی معذرت کی بجائے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ارکان اسمبلی سے معذرت کریں جس پر انہوں نے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے معذرت طلب کی انہوںنے کہا کہ کنٹریکٹروں کے الزامات کے حوالے سے ابھی انکوائری جاری ہے تاہم رپورٹ آنے تک عارضی طور پر ان کے لائسنس بحال کئے جائیں تحقیقات چل رہی ہیں حتمی رپورٹ آنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے ۔

پی اے سی کے چیئر مین مجیدخان اچکزئی نے کہا کہ کنٹریکٹروںنے اخبارات میں اشتہارات دے کر 65رکنی پورے ایوان کی توہین کی کمیٹی کی مکمل تحقیقات اور رپورٹ آنے تک کسی صورت کنٹریکٹروں کے لائسنس بحال نہیں ہونے چاہئیں بلکہ یہ بات سامنے لائی جائے کہ انہوںنے ایسا کس کے اشارے پر کیا مسلم لیگ(ن)کے پرنس احمد علی نے کہا کہ استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں کنٹریکٹروں نے معذرت کی مگر کمیٹی کے چیئر مین انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا کہ کوئی زبانی معذرت قبول نہیں کی جائے گی آپ اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے معافی مانگیں تو اس پر غور ہوسکتا ہے جس پر کنٹریکٹروں نے اشتہارات کے ذریعے معافی مانگی ان کے لائسنس معطل ہونے سے بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام رک گیا ہے عارضی طور پر ان کے لائسنس بحال کئے جائیں صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ یہاں تو ارکان نے مطالبہ کیا تھا کہ ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے تاکہ آئندہ کسی اور کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو یہ پورے ایوان کے استحقاق کا مسئلہ ہے انہوں نے ایوان کی توہین کی ہے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ کنٹریکٹروں نے پورے ایوان پر الزامات لگائے وہ بتائیں کہ کس رکن نے کس سے کمیشن لیا یا کس رکن نے ان سے کمیشن طلب کیا حقائق سامنے آنے چاہئیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوصرف معذرت سے بات نہیں بنے گی ان کے لائسنس معطل ہیں اور معطل رہنے چائیں ان کو اپنے لائسنسوں کی فکر ہے مگر اس سے زیادہ اہم بات اس ایوان کے وقار کا ہے انہوں نے تمام ارکان پر الزام لگا کر ان کا استحقاق مجروح کیا ہے حقیقت سامنے لائی جائے مکمل تحقیقات تک لائسنس معطل رکھے جائیں اس موقع پر سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ ایوان کے سامنے آچکا ہے لہٰذا اس کا فیصلہ بھی ایوان نے ہی کرنا ہے اس موقع پر انہوںنے کنٹریکٹروں کے لائسسنس بحال کرنے یا نہ کرنے سے متعلق ایوان میں رائے شماری کرائی جس پر ارکان نے اکثریت رائے سے لائسنس معطل رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا ۔

مسلم لیگ(ن)کے میر عاصم کرد گیلو نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ میں نے گزشتہ اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں قرعہ اندازی پر ملازمتیں دی گئی ہیں اس کی وضاحت ہونی چاہئے یہ ملازمتیں 2013ء میں مشتہر کی گئی تھیں میرے حلقے کے نوجوانوں نے بھی اپلائی کیا تھا اور میں بار بار سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کے پاس یہ معلوم کرنے کے لئے جاتا رہا کہ کامیاب امیدواروں کا اعلان کب کیا جائے گا گزشتہ دنوں جب میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کے پاس گیا تو مجھے فہرست دینے کی بجائے کہا گیا کہ سیکرٹریٹ میں فہرست آویزاں ہے بعد میںسیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے اس بات کا اقرار کیا کہ یہ ملازمتیں قرعہ اندازی کے ذریعے دی گئی ہیں جو میرٹ کی خلاف ورزی ہے بتایا جائے کہ کس ضلع اور کس ڈویژن کو کتنی ملازمتیں دی گئی ہیں جے یوآئی کے سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ جو آسامیاں اخبار میں مشتہر کی گئیں ان کی تعداد190بتائی گئی ہے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ محکمے کے ایک اہلکار کے دو صاحبزادوں کو بھرتی کی گیا ہے جبکہ جس سیکشن آفیسر کے دستخط لئے گئے ہیں وہ اب ایس اینڈ جی اے ڈی میں ہے ہی نہیں اس لئے اس حوالے سے انکوائری کرتے ہوئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں باضابطہ انکوائری ہو تاکہ اصل معاملات کا پتہ چل سکے ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے استفسار کیا کہ اقلیتوں کے کوٹے پر کس قدر عملدرآمد ہوا ہے فہرست فراہم کی جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ اقلیتوں کے کوٹے پر کتنے مسلمان بھرتی ہوئے ہیں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین عبدالمجیدخان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی ان آسامیوں کو کینسل کرے اور نئے سرے سے آسامیوں کو مشتہر کیا جائے سابق سپیکر میر جان محمد جمالی کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے وزیر رہے ہیں اس لئے انہیں خود بھی تجربہ ہے یہ ایک اہم محکمہ ہے جس کامطلب ہے پورے بلوچستان کی نمائندگی ملازمتوں میں ہر ڈویژن سے ایک سسٹم کے تحت لوگوں کو بھرتی کیاجاتا ہے میرا مشورہ ہے کہ بھرتیوں کو کینسل کیا جائے اور دوبارہ امتحان لیا جائے اگر90لوگ صرف کوئٹہ کے لئے گئے ہیں تو یہ زیادتی ہے ان آسامیوں پو پورے بلوچستان کا حق ہے اور ہر ڈویژن سے لوگ لئے جانے چاہئیں ۔

وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمدخان شاہوانی نے ایوان کو بتایا کہ چونکہ وہ گزشتہ اجلاس میں موجود نہیں تھے اس لئے وہ ایوان کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ قرعہ اندازی نہیں ہوئی اور نہ ہی مجھے اس کا علم ہے اگر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے عاصم کرد گیلو سے یہ بات کی ہے تو اس کی تحقیق کریں گے انہوں نے کہا کہ نائب قاصد کی کل156آسامیاں تھیں جن میں خواتین اور اقلیتوں کے لئے مختص کوٹے کے تحت سات سات آسامیاں تھیں اقلیتوں اور خواتین کے کوٹے پر مکمل عملدرآمد کیا گیا اور قواعدو ضوابط کی پابند ی کی گئی ہے انہوںنے ایوان سے استفسار کیا کہ کلاس فور کا کیا میرٹ ہے ان کا میرٹ یہی ہے کہ ہمیشہ یہ کوشش کی جاتی ہے کہ یہ مقامی لوگ ہوں ان کے پاس لوکل ہو اور وہ محکمے کے لاگو کردہ شرائط پر پورے اترتے ہوں ہم نے ان سب چیزوں کو یقینی بنایا اگر سارے ڈویژنز کے لوگ ان میں شامل نہیں تو یہ کینسل ہونے چاہئیں لیکن اس حوالے سے اگر ارکان چاہیں تو سپیکر کے چیمبر یا وزیراعلیٰ کی موجودگی میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو بلائیںگے جہاں ارکان کے خدشات اور تحفظات کے حوالے سے بات کریں گے۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے نواب محمدخان اچکزئی کے موقف کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑھ کر کمٹمنٹ کیا ہوسکتی ہے کہ صوبائی وزیر خود کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کی تسلی کرائیں گے انہوںنے کہا کہ اسمبلی کو قواعدکے مطابق چلایا جائے خواہشات کے تحت نہ چلایا جائے سردار عبدالرحمان کھیتران نے میر عاصم کرد گیلو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کا ایک سینئر رکن آن دی فلور کہہ رہا ہے کہ مجھے سیکرٹری نے کہا ہے کہ قرعہ اندازی ہوئی ہے تو اس حوالے سے انکوائری ہونی چاہئے اور متعلقہ رکن کو اعتماد میں لیا جائے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور سردار ضا محمد بڑیچ نے کہا کہ اس قسم کی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے تمام محکموں نے محکمانہ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اورکام ہورہا ہے اگر یہ معاملہ ایوان سے کمیٹی کے سپرد ہوتا ہے تو اس کی رپورٹ آنے میں بہت وقت لگ جائے گا اس لئے میری تجویز یہ ہے کہ اس حوالے سے سپیکر چیمبر میں بیٹھ کر اس پر بات کی جائے اورتمام تفصیلات معلوم کی جائیں ۔

سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ کمیٹی بنانی چاہئے کیونکہ یہ صرف ایس اینڈ جی اے ڈی کا معاملہ نہیں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی سے بھی اسی طرح کی شکایات آئی ہیں مسلم لیگ(ن)کے میر غلام دستگیر بادینی نے کہا کہ سردار بہادرخان وومن یونیورسٹی کے کیمپس نوشکی پشین اور خضدار میں قائم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے نوشکی کیمپس میں تعیناتیوں کے حوالے سے میں گزشتہ اجلاس میں بھی بات کرچکا ہوں آج بھی کہتا ہوں کہ جب ایک سکول ٹیچر یا معلم القرآن کی تعیناتی این ٹی ایس کو دی جاسکتی ہے تو یہاں گریڈ سترہ کی تعیناتیاں کس طرح سے ڈائریکٹ کی جارہی ہیں جس پر وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ یونیورسٹی ایک خودمختار ادارہ ہے صرف یہاں ہمارے صوبے میں نہیں بلکہ پورے ملک میں یونیورسٹیاں اپنی تعیناتی کے لئے یہی طریق کار اختیار کرتی ہیں یونیورسٹی کا سربراہ چانسلر ہوتا ہے تعیناتیوں میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے ۔

اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ نواب محمدخان شاہوانی نے اگر چہ ارکان کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے ہیں اس کے باوجود ارکان کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی رولنگ دی یہ کمیٹی مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور سردار ضا محمد بڑیچ کی صدارت میں قائم ہوگی جس میں صوبائی وزراء نواب محمدخان شاہوانی عبدالرحیم زیارتوال انجینئرزمرک خان میر عاصم کرد گیلو اور سردارعبدالرحمان کھیتران شامل ہوں گے جوا یک ہفتے کے اندر تمام حقائق سامنے لاتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔

اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے ایئر پورٹ کے قریب زمینوں کی الاٹمنٹ سے متعلقہ مسئلے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں بازئی قبائل کی زمینیں ان سے ان کی مرضی کے بغیر لی جارہی ہیں ان کی کمیٹی نے مجھ سے ملاقات کی ہے اور میں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ میں ان کے مسئلے کو اسمبلی کے فلور پر اٹھائوں گا انہوں نے کہا کہ وہاں بازئی قبائل کے شاملات کی ہزاروں ایکڑ زمین حاصل کی گئی ہے جس میں بازئی قبائل کو اعتماد میں نہیں لیا گیا سپیکر بازئی قبائل کے معتبرین اور متعلقہ محکموں کے افسران کو اپنے چیمبر میں بلا کر ان سے بات کریں ۔

عبدالمجیدخان اچکزئی نے کہا کہ اس حوالے سے 2005ء میں بھی صوبائی اسمبلی سے ایک قرار داد پاس ہوچکی ہے یہ اہم مسئلہ ہے جس پر ریونیو منسٹر انجینئرزمرک و دیگر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ نواب ایاز خان جوگزئی نے کہا کہ لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں جو اہم مسئلہ ہے اب تک پی اے ایف اور اس کے قریب کم از کم سوا لاکھ ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے وہ بھی قبائل کو اعتماد میں لئے بغیر چشمہ اور دیگر علاقوں میں دھڑا دھڑ لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں کیونکہ سیٹلمنٹ نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل صوبائی دارالحکومت اور صوبے کے مرکزی شہر میں کچہری کے قریب ایک واقعہ پیش آیا جس کے دوران تین افراد پر حملہ ہوتا ہے ان کے قریب ہی پولیس اہلکار کھڑے ہوتے ہیں مگر وہ کوئی مداخلت نہیں کرتے وہ صرف تماشہ دیکھتے ہیں ہماری روایت تھی کہ جب یہاں دو فریق جھگڑتے تو قریب کھڑے لوگ بچ بچائو کراتے مگر یہاں شہری تو کچہری اور تھانے کے خوف سے بیچ میں نہیں آتے جو اہلکار قریب ہی کھڑے ہیں اور ویڈیو میں صاف دیکھے جاسکتے ہیں وہ بھی کچھ نہیں کرتے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب گاڑی جاتی ہے تب پولیس اہلکار ان کے پیچھے بھاگتے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس نکمی بن چکی ہے اور وہ اب ہم پر بوجھ بن گئی ہے پولیس صرف لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ ڈالنے کے لئے رہ گئی ہے اگر صوبہ پشتونخوا کی پولیس ٹھیک ہوسکتی ہے تو ہماری پولیس کیوں ٹھیک نہیں ہوسکتی یا تو آپ اسے ایف سی میں ضم کردیں یا پھر اسے ختم کردیں ہمیں کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے سامنے لوگوں کو مارا جاتاہے اور وہ کچھ نہیں کرتے ۔

انہوں نے ایک اور مسئلے کی نشاندہی کی کرتے ہوئے کہ قلعہ سیف اللہ میں کرسٹل اور دیگر منشیات کا استعمال عام ہوتا جارہا ہے مجھے رپورٹ ملی ہے کہ قلعہ سیف اللہ میں منشیات قلعہ عبداللہ سے آتی ہیں میں نے آئی جی کو کابینہ میٹنگ اور دیگرمواقع پر بار بار کہا ہے کہ آپ ایک اچھا ڈی پی او دے دیں مگر مجھے آج تک اچھا آفیسر نہیں ملا سندھ اورپنجاب سے آنے والے پولیس افسران کوئی توجہ ہی نہین دیتے وہ وقت گزار کر چلے جاتے ہیں انہوںنے کہا کہ عجیب تماشہ ہے اور عجیب حکومت ہے گزشتہ اجلاس میں ہم نے قلعہ سیف اللہ ہسپتال میں غیر حاضر ڈاکٹروں کی بات کی وہاں جو ڈاکٹر حاضر تھا اس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور جو ڈاکٹرغیرحاضر تھے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی یہ عجیب بات ہے۔

ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے بھی منشیات کے استعمال میں اضافے پر تشویش کااظہار کیا اور کہا کہ مجھ سے گوادر میں اے این ایف کے ایک افسر نے پوچھا کہ آپ بتائیں کہ گلستان میں کہاں کہاں منشیات کی کاشت ہوتی ہے میں نے کہا کہ آپ کو کیسے پتہ نہیں آپ کو تو سب کچھ معلوم ہے پہلے اچھا طالب برا طالب پھر اچھا دہشت گرد برا دہشت گرد اور اب اچھے ڈرگ ٹریفکر اور برے ڈرگ ٹریفکر کی اصطلاح عام ہورہی ہے عبدالمجید خان اچکزئی نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کی تذلیل کی جارہی ہے نہ ہم ریڑھی چلا سکتے ہیں اور نہ ہی تانگہ چلاسکتے ہیں یہاں کوئٹہ میں بھی گزشتہ کچھ دنوں سے یہ معمول بن چکا ہے کہ پولیس والے گیراجوں میں کام کرنے والے نو عمر لڑکوں کو اس بناء پر اٹھا کر لے جاتے ہیں کہ آپ کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے ان کی کوئی کارکردگی نہیں تیس ارب کا ہمارا صوبائی سیکورٹی بجٹ ہے مگر اب تک اس حکومت میں ہم نے ڈیڑھ سو ارب روپے صوبے میں سیکورٹی کی مد میں لگائے ہیں مگر فائدہ نہیں ہورہا پچھلے روز منان چوک سے بی ڈی اے کا ملازم کو اغواء کیا گیا اور اس کی رہائی کے لئے دس لاکھ ڈالرز کی ڈیمانڈ کی گئی ۔

قائد حزب اختلاف مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وہ کمیونٹی سکولز کے حوالے سے قرار داد بھی پیش کرنا چاہتے تھے جو یہاں نہیں لائی جاسکی کمیونٹی سکولز صوبے بھر میں موجود ہیں جن کے اساتذہ آج بھی عارضی بنیادوں پر کام کررہے ہیںا ن کی خدمات ہیں انہیں مستقل کیا جائے ۔ یہاں جتنی بھی زمینیں ہیں وہ قبائل کی ملکیت ہیں مگر ان کی ملکیتی زمینوں کو الاٹ کرنا وہ بھی ان کی مرضی کے بغیر ایک اہم مسئلہ ہے ۔

انہوںنے کیڈٹ کالج مستونگ سے متعلق رپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ کی رپورٹ آگئی ہے قلعہ سیف اللہ میں بھی کیڈٹ کالج کی بری حالت ہے اور کالج کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے کالج کی حالت ایک عام سکول سے بھی گئی گزری ہے ۔ جس کے بعد وزیرتعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے حکومتی موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ منان چوک پر پیش آنے والے واقعے کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا ہے 2013ء سے پہلے پولیس کا مورال گر چکا تھا ہم نے ان کے مورال کو بہتر بنایا اور مزید بھی بہتر بنارہے ہیں جو اہلکارموقع پر موجود تھے اور انہو ں نے اپنا کام نہیں کیا ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سکولز ایک پراجیکٹ کے تحت قائم کئے گئے ہیں اور یہ سکول ان بچوں کے لئے ہیں جن کی سکول جانے کی عمر گزر چکی ہے اگر ان اساتذہ کو مستقل کیا جاتا ہے تو وہ پراجیکٹ کی بجائے صوبائی محکمہ تعلیم کے ملازم بن جائیں گے اور ان کے سکولوں کے لئے عمارتیں بھی بنانا ہوں گی جبکہ پورے ملک میں ایسا نہیں یہ اساتذہ پراجیکٹ کے تحت ہی کام کررہے ہیں ہم نے ان کے اساتذہ سے کہا تھا کہ ان کو مستقل کئے جانے کے حوالے سے اگر کوئی پالیسی یا قانون کہیں ہے تو آگاہ کریں درحقیقت ایسا کچھ نہیں ۔

بازئی قبائل کی زمینوں کے حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ہم نے ان کی ملاقات وزیراعلیٰ بلوچستان سے کرائی تھی جس میں کمشنر کوئٹہ کو تمام تفصیلات معلوم کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی تھی ہم کمشنر سے اس بارے میں بات کریں گے کہ انہوںنے کیا کیاجبکہ اس حوالے سے سپیکر کے چیمبر میں سب کو بلا کر بات کی جائے گی ہم کسی کو کسی کی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اگر کسی محکمے کو زمین کی ضرورت ہے تو اسے متعلقہ قبیلے سے بات کرنی چاہئے ۔

قلعہ سیف اللہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے مسئلے پر آئی جی پولیس اور سیکرٹری داخلہ کو بلاکر بات کی جائے گی ۔ قلعہ سیف اللہ کیڈٹ کالج کی اپوزیشن لیڈر نے بات کی کہ وہاں حالت بری ہے حالانکہ ابھی جو پچھلا امتحان تھا اس میں قلعہ سیف اللہ کیڈٹ کالج کے دو طلبہ ٹاپرز میں شامل تھے ۔ اراکین کے اظہار خیال کے بعد سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ نواب ایاز خان جوگیزئی نے منان چوک پر گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے کی نشاندہی کی اس نکتے کا وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا ہے تحقیقات جاری ہیں اور موقع پر موجود اہلکاروں کو معطل بھی کیا گیا ہے اس لئے یہ نکتہ نمٹادیا جاتا ہے ڈی پی او کی تعیناتی کا معاملہ یہاں نہیں کابینہ کے فورم پر اٹھانا چاہئے پولیس کے حوالے سے اراکین نے جو اظہار خیال کیا ہے اس پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان سے بات کر کے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا بلاک شناختی کارڈز کے حوالے سے اراکین نے بات کی ہے یہ معاملہ گزشتہ اجلاس میں استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ زمینوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں پہلے سے ہی ایک کمیٹی بنائی جاچکی ہے وہ جلد ہی میٹنگ بلا کر مسئلے کو حل کرائیں گے اگر وہ کسی اور کو نامزد کرتے ہیں تو ان کی سبراہی میں میٹنگ بلا کر مسئلہ حل کرایا جائے جبکہ اس حوالے سے میں خود بھی متعلقہ محکموں کے افسران کو بلا کر ان سے بات کروں گی ۔ سپیکر نے اپنی رولنگ میں کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کو موثر بنانے کے لئے اراکین کا اہم کردار ہوتا ہے مگر عام طور پر یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ بعض اراکین اپنی بات کرکے چلے جاتے ہیں جوا چھی بات نہیں ۔ بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاگیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں