رواں سال میں 5000 سے زائد طلبا کو 670 ملین کے سکالر شپ دئیے جا رہے ہیں‘پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر

کیمپس کو گرین بنانے کے لئے پچاس ہزار پودے لگائے گئے ہیں‘وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یارخان

جمعرات 23 ستمبر 2021 12:32

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یارخان پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے گذشتہ روز لاہور گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر سلیمان طاہر نے گورنر کو یونیورسٹی کے تمام معاملات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی معاشی طور پر مستحکم ہے، رواں سال میں 5000 سے زائد طلبا کو 670 ملین کے سکالر شپ دئیے جا رہے ہیں، اس وقت یونیورسٹی میں ہر یتیم اور غریب بچے کو فنانشل سپورٹ مہیا کی جارہی ہے، نئے آنے والے انڈر گریجوایٹ طلبا کے لئے فیس میں پندرہ فیصد اور ایم ایس و پی ایچ ڈی میں آنے والے طلبا کے لئے فیس میں پچیس فیصد کمی کی گئی ہے، پرائم منسٹر عمران خان اور حکومت پنجاب کے وژن کے تحت کیمپس کو گرین بنانے کے لئے پچاس ہزار پودے لگائے گئے ہیں، یونیورسٹی کی موجودہ کارکردگی گذشتہ کئی سال کے مقابلے میں تین گنا سے بھی بہتر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کو درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور احکامات بھی جاری کئے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں