رحیم یارخان، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اجلاس

ہفتہ 16 نومبر 2019 19:26

رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ضلعی سطح سے لیکر تحصیل اور مرکز سطح کے افسران کی جانب سے سکولوں میں کئے جانے والے دورے نتیجہ خیز ہونے چاہیے اور ان وزٹ کے اثرات تعلیمی اداروں میں بہتری کی صورت میں نظر آنے چاہیے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈی ایم او چوہدری اعتزاز انجم، سی ای ا وایجوکیشن اتھارٹی رانا محمد اظہر، ڈی او ایجوکیشن ملک مختار حسین، چوہدری محمد اسلم، شہناز چوہدری سمیت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب شعبہ تعلیم کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کر رہی ہے ،اس کے اثرات نظر آنے چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسران کے درمیان روابط کا فقدان نہیں ہونا چاہیے کسی بھی فیلڈ افسر کی جانب سے مسئلہ اجاگر کرنے پر فوری متعلقہ محکمے سے رابطہ کرکے اسے حل کیا جائے۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے وزٹ کے دوران صفائی ستھرائی، واش رومز، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سائنس لیب، کمپیوٹر لیب اور لائبریریوں میں طلبائ کی رسائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ناقص و کمزور انتظامی گرفت رکھنے والے ہیڈ ماسٹرز و پرنسپل کی نشاندہی کریں انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جبکہ افسران کو اگر اپنے ماتحت افسران سے بھی شکایت ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔

ضلع کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے والے افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام اے ای اوز کو سکولوں میں وزٹ کے حوالہ سے چارٹ بنا کر دیا جائے جس کے مطابق وہ وزٹ کریں۔انہوں نے ہم قدم کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے اضافی کلاس رومز کی پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ حکومت پنجاب کے فنڈز ہیں لہذا کام کے معیار میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر افسران کو مانیٹرنگ پر تحفظات ہیں تو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو متعلقہ ایم ای بارے آگاہ کریں غلط رپورٹنگ کرنے والے ایم ایز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں