نئے مالی سال میں حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے تاریخی بجٹ مختص کیا ہے ،ڈاکٹر خرم شہزاد

ضلع رحیم یار خان کے تمام شعبہ جات میں بھی نئے ترقیاتی پراجیکٹس کا آغاز ہو گا،ڈپٹی کمشنر کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 17 جون 2021 19:29

رحیم یا رخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ نئے مالی سال میں حکومت پنجاب نے وزیر اعلی سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے تاریخی بجٹ مختص کیا ہے جس کے باعث ضلع رحیم یار خان کے تمام شعبہ جات میں بھی نئے ترقیاتی پراجیکٹس کا آغاز ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین بلڈنگ نعمان سلمان، ایکسین پبلک ہیلتھ ، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو گا تمام محکموں کے ضلعی افسران اپنے محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے بھر پور عملی اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں حکومت پنجاب نے صحت و تعلیم کے ساتھ زراعت، لائیو سٹاک، انفراسٹرکچر،سپورٹس سمیت تمام فلاح عامہ کے منصوبوں کو یکساں ترجیح دی ہے اور تمام سیکٹرز پر ترقیاتی کاموں کاآغاز کیا جائے گا جس کا جلد وزیر اعلی پنجاب اعلان کریں گے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں مختلف سیکٹرز کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں