سپورٹس گالا، ملاکھڑے کا فائنل 7جنوری کو کھیلا جائے گا

جمعہ 6 جنوری 2023 23:02

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر سپورٹس گالا میں کبڈی، فٹ بال، ہاکی،تائیکوانڈو، باسکٹ بال، بیڈ منٹن سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے اختتامی مراحل میں داخل ہوگئے، (کل) ہفتہ کو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔عباسیہ سپورٹس کمپلیکس میں جاری کبڈی فائنل میچ کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی پنجاب یدھسٹر چوہان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے نوجوانوں اور شائقین کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شمولیت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے خوبصورت میلہ سجایا ہے جس میں ضلع بھر سے کھلاڑی شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن ہے کہ صحت عامہ پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم معاشرے میں کھیلوں کو فروغ دیں تاکہ کھلاڑی گراؤنڈز میں آئیں اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے مستفید ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپورٹس گالا کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی، تعاون کرنے والے اداروں اور ان کی انتظامی ٹیم کی کاوشوں کو خوب سراہا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سپورٹس گالا میں ضلع کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو کھیلوں میں شمولیت کے یکساں مواقع فراہم کئے گئے ہیں جبکہ تمام سپورٹس تنظیمیں بھی اس ایونٹ کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی کھیل ملاکھڑا میں سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے رستم شریک ہیں اور آج بروز ہفتہ 12بجے دن ملاکھڑے کا فائنل ہو گا۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں