چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ

باہمی مفادات کے تحفظ کیلئے ہمارے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے انتہائی اہم ہے آرمی چیف کا پیپلزلبریشن آرمی کے 94ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب، دفاع اور سیکیورٹی کیلئے پیپلزلبریشن آرمی کی قیادت کو سراہا،آئی ایس پی آر پاکستان اورچین اسٹریٹجک پارٹنراور آہنی بھائی ہیں، دنیا بدل سکتی ہے لیکن ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں،چین کے دفاعی اتاشی کا خطاب

جمعرات 29 جولائی 2021 23:29

چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں،باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جی ایچ کیو میں پیپلزلبریشن آرمی کے 94ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں چینی سفیراوردفاعی اتاشی سمیت چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔چین کے دفاعی اتاشی نے یوم تاسیس پراستقبالیہ دینے پہ آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر چینی صدر کے بیان کو بھی دہرایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہرچیلنج کے دوران پاک چین تعلقات مثالی نوعیت کے رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی اورحال میں ہرچیلنج میں ہم نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔انہوںنے کہا کہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاع اور سیکیورٹی کے لیے پیپلزلبریشن آرمی کی قیادت کو بھی سراہا۔

اس موقع پر چین کے دفاعی اتاشی نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات خطے میں مثالی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین اسٹریٹجک پارٹنراور آہنی بھائی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دفاعی اتاشی نے کہا کہ دنیا بدل سکتی ہے لیکن ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی تحفظ اور علاقائی امن واستحکام کے لیے متحد ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں