اغواءکا ڈرامہ کر کے فیملی سے ایک کروڑ کامطالبہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا

تینوں ملزمان ساجد، آفتاب اور قاسم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا،پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 27 اپریل 2024 12:39

اغواءکا ڈرامہ کر کے فیملی سے ایک کروڑ کامطالبہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل2024 ء) راولپنڈی کے علاقے تھانہ نصیر آبادکی حدود میں اغواءکا ڈرامہ کر کے فیملی سے تاوان کامطالبہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، تفتیش پر معلوم ہوا نوجوان نے دوستوں کے ہمراہ اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا ، تھانہ نصیرآباد پولیس نے نوجوان کے والد کی مدعیت میں 25 اپریل کو اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا کر دوستوں سے مل کر اپنے ہی والد سے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔

پولیس کے مطابق تینوں ملزمان ساجد، آفتاب اور قاسم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔پولیس حکام کامزیدکہنا ہے کہ نوجوان ساجد نے اپنے اغوا کے منصوبے میں دو دوستوں کو شامل کیا تھا، واقعہ تھانہ نصیر آباد کے علاقے چاکرہ میں پیش آیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی مظفرگڑھ میں پولیس نے خودساختہ مغوی نوجوان کو صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے سے تلاش کیا تھا۔

محمد احمد نامی نوجوان نے نہ صرف اپنے اغوا کا ڈراما رچایا بلکہ والدین سے تاوان کی مد میں بھاری رقم بھی طلب کی تھی۔روہیلانوالی سے 22 اپریل کو محمد احمد نامی نوجوان غائب ہوا، پولیس کے مطابق محمد احمد کے والدین کو فون کالز بھی موصول ہوتی رہیں کہ ان کا بیٹا سندھ کے کچے کے علاقے میں اغواکرلیا گیا ہے۔والدین سے بیٹے کی رہائی کیلئے 20 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا جاتا تھا۔

پولیس نے محمد احمد کے والدین کی مدعیت میں تھانہ روہیلانوالی میں اغوا کا مقدمہ بھی درج کرلیا تھا، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سےسندھ کے علاقے رانی پور میں کچے کے علاقے میں محمد احمد کو ٹریس کیا گیا تھا۔نوجوان نے اپنے دوستوں کی مدد سے اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا اور اہلخانہ سے 20 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا، محمد احمد اپنے والدین سے بھاری رقم وصول کرنا اور پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، نوجوان اور اس کے دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں