کچھ ناممکن نہیں، لاہور میں برفباری ہوئی تھی،شعیب اختر کا گواسکر کو جواب

بھارت کو پیسوں کو ضرورت نہیں ہوگی لیکن اور لوگوں کو ہے یہی وجہ تھی کہ ان کے دماغ میں یہ تجویز آئی، سابق فاسٹ بائولر

بدھ 15 اپریل 2020 15:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی جانب سے کورونا فنڈنگ کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کی تجویز پر سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے بھی ردِ عمل کا اظہار کیا تھا جس پر راولپنڈی ایکسپریس نے انہیں جواب دیا۔شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا تھا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 یا ایک روزہ میچز کی سیریز ہو جس سے کورونا فنڈ جمع کیا جائے۔

بعد ازاں سینئر بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے شعیب اختر کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی کسی سیریز کی ضرورت نہیں ہے۔بھارت کو پہلی مرتبہ ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے کہا کہ ہندوستان کو پیسوں کی ضرورت نہیں ہے اور اس سے کرکٹرز کی جان کو خطرہ لاحق ہو گا۔

(جاری ہے)

شعیب اختر کی تجویز پر بھارتی کھلاڑی سنیل گواسکر نے بھی اپنی طنزیہ رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت اور پاکستان کی سیریز ہونے سے زیادہ امکانات تو لاہور میں برفباری کے ہیں، دونوں ممالک کی ٹیمیں ورلڈکپ اور آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں ملیں گی لیکن دونوں ممالک کے درمیان اس وقت سیریز ہونا ممکن نہیں ہے۔

بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کے ردِ عمل پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ان ہی انداز میں طنز سے بھرپور جوابی ٹوئٹ کیا۔شعیب اختر نیاپنی ٹوئٹ میں گزشتہ سال لاہور میں ہونے والی برفباری کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ سال لاہور میں برفباری ہوئی تھی، کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔اس سے قبل شعیب اختر نے بھارتی کھلاڑی کپل دیو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پیسوں کو ضرورت نہیں ہوگی لیکن اور لوگوں کو ہے یہی وجہ تھی کہ ان کے دماغ میں یہ تجویز آئی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں