پتریاٹہ چیئر لفٹ انتظامیہ کا سیاحوں کیلئے 12 ربیع الاول کو محفل میلاد، قرآن خوانی کا اہتمام کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 17 نومبر 2018 14:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) 12ربیع الاول کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پرنیو مری میں سیر و سیاحت کی غرض سے آنے والے سیاحوں کے لئے پتریاٹہ چیئر لفٹ کی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی محفل میلاد اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ دور دراز سے آنے والے مسلمان بھائی قدرتی مناظر سے لطف ااندوز ہونے کے ساتھ ساتھ حضور اکرم حضرت محمدؐ سے اپنی عقیدت کا اظہار کر سکیں-یہ بات منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ محسن فضل نے عید میلا النبیؐ کے حوالے سے 12-الاول کو منعقد ہونے والی خصوصی محفل میلاد اور قرآن خوانی کی تقریب کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کمیٹی کے ممبران طارق ربانی ، محمد اشرف اور محمد عرفان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- محسن فضل نے کہا کہ جشن آمد رسولؐ منانے کیلئے صدق دل سے بھرپور تیاریاں کی جائیں کیونکہ عشق رسولؐ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور اس کا اظہار ہماری روح کو جلا بخشتا ہے - انہوں نے کہا کہ عشق رسولؐ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا - انہوں نے مزید بتایا کہ اس موقع پر معروف نعت خوان حضور ؐ کی شان میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے اور علماء کرام عشق رسول ؐ اور سیرت نبی ؐکے حوالے سے خطاب کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں