سی پیک میں صنعتی تعاون کے فروغ کا وقت ہے،دونوں ممالک کے نجی شعبوں میں تعاون سے پیداواری لاگت میں کمی آئیگی، چینی سفیر

منگل 26 مارچ 2019 23:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان میں تعینات چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک میں صنعتی تعاون کے فروغ کا وقت ہے،دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام اسلام آباد میںپاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پانچ سال میں سی پیک اب ایک حقیقت بن چکا ہے۔

دونوں ملکوں کے نجی شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ چینی حکومت دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاروں کے تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم مارکیٹ کے اصولوں پر تعاون کو فروغ دیں ۔ ہماری خواہش ہے کہ کاروباری افراد کے درمیان تعاون اور روابط مثبت ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستا ن کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نمائشوں کے انعقاد پر راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس سے ساوتھ ساوتھ کارپوریشن کی کونسل کے چیئرمین لیو شنوا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کے درمیان جتنے زیادہ رابطے ہوں گے۔ اتنی ہی زیادہ تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے اس سے پہلے صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول ساز گار ہے۔

چینی کمپنیاں پاکستان میں مشترکہ منصوبے لگائیں۔جس سے روزگاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان کی معشیت کے اشارے مثبت ہیں ۔ چینی نجی شعبہ حکومت پاکستان کی مراعات سے فائدہ اٹھائے۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی سے مقامی ہنرمند افراد کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ راول ایکسپو میں سو سے زائد چینی کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔ ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی آپس میں بی ٹوبی میٹنگز بھی ہوئیں۔

مختلف شعبوں سمینٹ، کنسٹریکشن، فارما، جیمز اینڈ جیولری سمیت کئی دیگر شعبے سے رکھنے والے افراد نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔اور چین کی ایک سیمنٹ کمپنی نے مقامی سیمنٹ کمپنی کے ساتھ ایم او یو بھی کیا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی،گروپ لیڈرز سہیل الطاف، ایس ایم نسیم، سابق صدور ، مجلس عاملہ کے اراکین اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں