ة موجودہ حالات میں ڈینگی بخارکی وباء قوم کیلئے اللہ کی طرف سے بڑی آزمائش ہے ،ڈاکٹر جمال ناصر

پیر 14 اکتوبر 2019 20:20

ٰ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ڈینگی بخارکی وباء قوم کیلئے اللہ کی طرف سے بڑی آزمائش ہے ، اس حوالے سے کئے جانے والے پروپیگنڈے نے عوام و خواص کو پریشان اور مضطرب کر رکھا ہے ،لیکن یہ ایسا مرض ہے کہ جس سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ، ڈینگی بارے شعور آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے ،اور اس وباء سے نجات حاصل کرنے کیلئے اپنی سوچ و فکر میں تبدیلی لانا ہو گی ،لاپرواہی اور بے حسی کی وجہ سے بھی ڈینگی بخار میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ہم اپنے اردا گرد ماحول پر نظر نہیں رکھتے ۔

ڈینگی کی افزائش کو روکنے کیلئے ہمیں احتیاطی تدابیراختیار کرنا ہوں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جھنڈا چیچی میں’’ڈینگی آگاہی مہم ‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے پروفیسر آف زوالوجی راولپنڈی وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ نگہت اور پرنسپل پروفیسر ثمر زہرا کاظمی نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں نظامت کے فرائض شمائمہ جمال نے سر انجام دئیے ،تلاوت کلام پاک کی سعادت شبانہ نے حاصل کی جبکہ عائشہ زینب نے ہدیہ نعت ؐ پیش کیا۔ڈاکٹر شگفتہ نگہت نے اس موقع پر ڈینگی بخار کے اسباب ، علاج اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اپنی تحقیق وجستجو پر مبنی معلومات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ احتیاطی تدابیر سے ہم اس وباء پر کس کس طرح قابو پا سکتے ہیں۔

پرنسپل پروفیسر ثمر زہرا کاظمی نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر جمال ناصر کی صحت عامہ اور شہری مسائل کے حل کے سلسلے میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا جذبہ خدمات خلق لائق تحسین اور لائق تقلید ہے ، فروغ تعلیم اور ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے بھی انہوں نے خود کو وقف کر رکھا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ ڈینگی بخار کی وباء میں شہریوں کو فری ٹیسٹ کی سہولت اور شعور آگاہی کے لئے اب تک سات سے زائد کیمپ متاثرہ علاقوں میں لگائے جا چکے ہیں ، شہریوں کوصحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی ہمارا ملی و قومی فریضہ ہے ، مخیر حضرات کو اس وباء پر قابو پانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے آخر میں ڈینگی بچاؤ مہم کے سلسلے میں واک ہوئی جس میں کالج اسٹاف اور طالبات نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں