سربراہ سنی تحریک کی وفدکے ہمراہ فلسطینی سفیر احمد جواد ربعی سے ملاقات

منگل 14 مئی 2024 22:27

اسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے وفدکے ہمراہ فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربعی سے خصوصی ملاقات کی،دوران ملاقات مسئلہ فلسطین پرگفتگو کرتے ہوئے محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ فلسطینی کاز کو دنیا بھر میں عوامی تائید حاصل ہوئی ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ فلسطینی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سنی تحریک کی ملک گیر عوامی رابطہ مہم جاری ہے، ملک کے تمام بڑے جھوٹے شہروں میں ریلیوں، جلسوں، کانفرنسز اور سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے سلسلے میں جاری دستخطی مہم میں لاکھوں عوام وخواص نے حصہ لیا ہے اور مسئلہ فلسطین کے حق میں پاکستان سنی تحریک کے مطالبات کی حمایت میں دستخط کیے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان فلسطین کے حق میں اپنی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اب مسلمان ممالک کی حکومتوں کو بھی چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائیں،فلسطینی سفیر نے پاکستان سنی تحریک کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستانی عوام کے جذبات کی تحسین کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ دنیا کے ہر خطے کے مسلمانوں کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپیل کی کہ غزہ کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے مسلمان حکومتیں قائدانہ کردار ادا کریں، پاکستان سنی تحریک کے وفد میں سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کے ہمراہ مرکزی سیاسی کمیٹی کے نگران ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر، سردارمحمد طاہرڈوگربھی شامل تھے۔سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ امریکی افواج ہر خطے میں فساد کی جڑ ہیں،پاکستان اور افغانستان میں بدامنی اور فساد کی وجہ بھی امریکی مداخلت ہے، امریکہ، برطانیہ اور ان کے حواری اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کرکے پوری دنیا کے امن اور معیشت کو تہہ و بالا کررہے ہیں،امریکی، یورپی یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات اور انسانی ہمدردی و درد رکھنے والے عوام سراپا احتجاج ہیں،ہم کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ پر پولیس تشدد اور شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسلامی ممالک کے حکمران اُمت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں، متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں، بیانات اور قراردادوں سے فلسطین آزاد ہو گا نہ وہاں مظالم رکیں گے،تمام مسلم ممالک اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں،اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا،مسلم ممالک کو ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور دیگرعالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے نجات حاصل کرنی چاہیے، پاکستان سنی تحریک قبلہ اوّل کی آزادی اوراسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

فلسطین اور مقدس مقامات کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا مسلمانوں پر فرض ہے،پاکستانی قوم فلسطینی حریت پسندوں کے ساتھ کھڑی ہے، دارالحکومت القدس الشریف پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہو چکاہے،ان شاء اللہ تعالیٰ جلد فلسطین میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں