9 مئی کے پرتشدد واقعات :سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مقدمات کی سماعت 29مئی تک ملتوی

بدھ 15 مئی 2024 22:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے نمبر1جج ملک اعجاز آصف نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کی9 الگ الگ مقدمات کی جیل سماعت کسی کاروائی کے بغیر29مئی تک ملتوی کر دی ہے عدالت نے یہ سماعت جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری سکیورٹی پلان کی وجہ سے ملتوی کی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر شیریں رحمان، سیمابیہ طاہر، راجہ بشارت، شبلی فراز، زرتاج گل، راجہ ناصر، شیخ رشید اورراشد شفیق سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے چونکہ ان مقدمات کا ٹرائل جیل میں ہونا تھا اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چونکہ سینٹرل جیل اڈیالہ پنجاب کی ایک حساس ترین جیل ہے جس میں اس وقت گنجائش سے کہیں زیادہ 7ہزار کے لگ بھگ قیدی و حوالاتی موجود ہیں جن میں نہ صرف دہشت گردی اور توہین رسالت و مذہب سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان و مجرمان بلکہ سیاسی طور پر بھی ہائی پروفائل ملزمان بھی اس جیل میں ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض کالعدم تنظیمیں اڈیالہ جیل کے علاوہ میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور اٹک سمیت پنجاب کی کسی بھی جیل پر دہشت گردانہ حملہ کر سکتی ہیں جس پر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے 12مئی کو تحریری طور پر جیلوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے اشتراک سے ماک ایکسرسائز، دھماکہ خیز مواد کا کھوج لگانے اورسرچ آپریشنز سمیت جیل کے اطراف میں مختلف نوعیت کی سکیورٹی مشقیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے جیل میں پرائیوٹ افراد اورگاڑیوں کا داخلہ بند رکھا گیا ہے لہٰذا آئندہ ہفتے تک مقدمات کی سماعت ملتوی کی جائے آئندہ ہفتے سے قبل جیل کی سکیورٹی کے لئے جاری قدامات مکمل کر لئے جائیں گے جس پر عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کر دی یادرہے کہ سانحہ9مئی پر تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708 کے علاوہ تھانہ سٹی کے مقدمہ نمبر 563، تھانہ کینٹ کے مقدمہ نمبر 836، تھانہ ریس کورس کے 759، تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ نمبر 2106، تھانہ صادق آباد کے مقدمہ نمبر 2076، تھانہ سول لائن کے مقدمہ نمبر 981، تھانہ وارث خان کے مقدمہ نمبر 914، تھانہ مورگاہ کے مقدمہ نمبر 397، تھانہ صدر واہ کے مقدمہ نمبر 744 اور تھانہ ٹیکسلا کے مقدمہ نمبر 940پ مشتمل12الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے ان مقدمات میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ فواد چوہدری، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور، شیریں مزاری،زرتاج گل،عمرایوب،مراد سعید، مسرت جمشید چیمہ، شبلی فراز، شہباز گل اورشیخ رشید سمیت مجموعی طور 500کے قریب ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ بڑی تعداد نامعلوم ملزمان کی بھی تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں