ساہیوال میں شادیاں کر کے سفید پوش خاندانوں کو لوٹنے والے گروہ کا انکشاف

شادیاں کرنے والے مرکزی ملزم کی 15ویں بیوی نے فصیل کی شادیوں کا بھانڈا پھوڑا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 اگست 2021 13:21

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) : پاکستان بھر میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں ساہیوال میں شادیاں کر کے سفید پوش خاندانوں کو لوٹنے والے گروہ کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ فیصل احسن نامی شخص سادہ لوح اور سفید پوش خاندانوں میں شادیاں کرتا اور ان سے طلائی زیورات اور بھاری رقم ہتھیاتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس کام میں وہ اکیلا نہیں بلکہ اس کا بیٹا اور پہلی بیوی بھی شامل رہے۔ پولیس نے کہا کہ مرکزی ملزم کی 15ویں بیوی نے فصیل کی شادیوں کا بھانڈا پھوڑا جس کے مطابق وہ شادی کے لیے اپنے آپ کو کنوارا یا طلاق یافتہ ظاہر کرتا اور شادی کے بعد رقم اور زیورات ہتھیا کر بیوی کو طلاق دے دیتا۔ ساہیوال تھانہ بہادر شاہ پولیس نے مرکزی ملزم فیصل کی 15ویں بیوی کی شکایت پر اس کے بیٹے عبدالاحد کو گرفتار کر کے عدالت سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے مزید کہا کہ دھوکہ دہی سے شادیاں کرنے والا یہ منظم گروہ کافی عرصے سے وارداتیں کر رہا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جہلم میں نئی نویلی دلہن نے سہاگ رات میں اپنے ہی نئے گھر میں ڈکیتی کی واردات کی اور فرار ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ جہلم کے محلہ عیدگاہ کے رہائشی لقمان نامی نوجوان کی گزشتہ روز شادی ہوئی اور بدھ کو ولیمہ تھا، تاہم سہاگ رات کو دلہن نے دلہے کو نشہ آور چیز کھلا کر بیہوش کردیا اور زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئی۔

دلہے کے اہل خانہ کے مطابق لقمان کے ولیمے کی تقریب تھی اور اہل علاقہ سمیت دیگر رشتے داروں کو بھی مدعو کررکھا تھا تاہم اس خبر کے بعد پورا خاندان پریشانی میں مبتلا ہو گیا اور ولیمے آنے والے مہمانوں کے چہروں پر افسردگی پھیلی ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق لقمان نامی دولہا مردان سے لڑکی بیاہ کر لایا تھا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں