ساہیوال، عارفوالا اور پاکپتن کے دوردراز گائوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 6 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ ضائع کردیا

پائوڈر ،کیمیکل اور دیگر اجزاء سے ملاوٹی دودھ تیار کرنے والے مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، ڈی جی محمد عثمان

منگل 30 اکتوبر 2018 19:00

ساہیوال۔30 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2018ء) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ پائوڈر ،کیمیکل اور دیگر اجزاء سے ملاوٹی دودھ تیار کرنے والے مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں ، ساہیوال، عارفوالا اور پاکپتن کے دوردراز گائوں میں 5 پروڈکشن یونٹ پر کام کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرکے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 5 جعلی دودھ بنانے والی فیکٹریاں پکڑ کر 6ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ ضائع کردیا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جعلی فیکٹریاں ملاوٹی دودھ تیار کرکے روزانہ کی بنیاد پر بڑے شہروں کو سپلائی کیاجاتا تھا جس کی روک تھام کیلئے جامع پالیسی پر عمل کیاجا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملاوٹ کرنے والے مافیا کا خاتمہ کیاجا رہا ہے، انہوں نے مزید کہاکہ ملاوٹ مافیا کا جڑ سے خاتمہ کرکے ہی معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں کریک ڈائون کے ساتھ پاسچرائزیشن کا قانون لاگو کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں، انہوںنے ملاوٹ مافیا کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ و ہ پائوڈر ،کیمیکل اور دیگر اجزاء سے جعلی دودھ بنانے کا کام ترک کردیں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں