ریونیو افسران 30ستمبر تک بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگائیں،کمشنر ساہیوال

ہفتہ 21 ستمبر 2019 18:12

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویڑن ندیم الرحمن نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ وہ 30ستمبر تک بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگائیں اور سرکاری واجبات کی وصولی کو تیز کریں ،ریونیو افسران کا بنیادی کام ریونیو واجبات کی مکمل وصولی ہے جس پر انہیں سب سے زیادہ توجہ دینی چاہیے ۔وہ یہاں اپنے دفتر میں ریونیو افسران کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تینوں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی ۔

انہو ںنے کہا کہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ترجیح ہے جس کے لئے فنڈز کی دستیابی سرکاری واجبات کی وصولی سے مشروط ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ تمام ریونیو افسران اس پر خصوصی توجہ دیں ۔انہو ںنے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے عوام سے فراڈ کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ایسی تمام کالونیوں کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے تا کہ عوام کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

کمشنر ندیم الرحمن نے نہری پانی کی چوری پر بھی گہری تشویش ظاہر کی جس سے ٹیل پر موجود کاشتکار نہری پانی سے محروم رہ جاتے ہیں اور ریونیو افسران کو کہا کہ وہ محکمہ انہار کے ساتھ ملکر مانیٹرنگ کو تیز کریں اور نہری پانی چوری میں ملوث تمام افراد خواہ وہ کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔اجلاس میں تینوں اضلاع میں ڈینگی بخار کی صورتحال پر تفصیلا غور کیا گیا اور یہ بات نوٹ کی گئی کہ مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت پورے ڈویڑن میں ڈینگی بخار کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور جتنے بھی کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہ تمام افراد دوسرے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور وہیں سے بیمار ہو کر آئے ہیں جنہیں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاہم انہو ںنے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ڈینگی سرویلنس پر بھی پوری توجہ دیں ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں