رشوت کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ عوام کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،ڈی سی ساہیوال

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:42

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ رشوت لینا انسان کے ضمیر کی موت ہے، رشوت معاشرے کی سب سے بڑی برائی اور لعنت ہے، رشوت کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ عوام کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات کامسیٹس یونیورسٹی ساہیوال کیمپس میں انسداد رشوت ستانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ثبوت کے ساتھ عوام رشوت لینے والے افسران کی شناخت کریں متعلقہ ادارے شفافیت کے ساتھ قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مضبوط پاکستان کا خواب کرپشن کے خاتمے سے ہی پورا ہو گا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے کہا کہ کرپشن معاشرے میں ایک لعنت ہے، جس کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے سیمینار کا مقصد طلبا و طالبات میں کرپشن کے باعث پیدا ہونے والی تباہ کاری کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہم سب کو ایمانداری اور سچائی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا ملک پاکستان ترقی کرے اور آئندہ آنے والی نسلیں کرپشن سے پاک ہو سکیں۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان، فکیلٹی، سٹاف اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں