بچوں کی تعلیم و تربیت کے بغیر ہم روشن مستقبل کا خواب پورا نہیں کر سکتے، محترمہ تحریم فاطمہ

جمعرات 23 جنوری 2020 14:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) ممتاز ماہر تعلیم محترمہ تحریم فاطمہ نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے بغیر ہم روشن مستقبل کا خواب پورا نہیں کر سکتے۔ اساتذہ اور والدین کو بچوں کی تربیت کی طرف خاص توجہ کرنی چاہیے ۔ اُنھوںنے ان خیالات کا اظہار الائیڈ سکول سسٹم کی سالانہ تقریب ِتقسیم ِانعامات سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ماہر تعلیم پروفیسر (ر) میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم تھے۔ محترمہ تحریم فاطمہ نے مزید کہا کہ ہمیں مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے تعلیم کی طرف راغب ہونا چاہیے۔ تعلیم ہماری زندگی کا نصب العین درست کرتی ہے ۔ تعلیم ہمارا زیور ہے ، اس کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ماہر تعلیم پروفیسر (ر) میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ تعلیم ہمارے لیے سانس کی طرح ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

ہمارا ہر قدم کچھ سیکھنے کے لیے اُٹھنا چاہیے۔ زندگی عمل سے عبارت ہے ، باتوں سے نہیں۔ مسز حبیب نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی کردار سازی کو اولیت دیں ۔ صبا عنصر ، عمارہ اشرف، سعدیہ شاہین، شازمہ ، گُل تحزین اور دیگر اساتذہ نے بچوں کی تربیت اور نگہداشت کو صدقہٴ جاریہ قراردیا۔ مہمانِ خصوصی ماہر تعلیم پروفیسر (ر) میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اعلیٰ کارگزاری کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میںوالدین اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے تقریب ِتقسیم ِانعامات میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں