صوبائی وزیر جنگلات کا ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیاں فعال اور اپ گریڈکرنے کا حکم

تمام اضلاع میں ٹارگٹ کے حصول کیلئے ضلعی کمیٹیاں فعال اور مزید بااختیار کی جائیں‘سبطین خان کی سیکرٹری جنگلات کو ہدایت

جمعرات 27 جنوری 2022 12:47

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) صوبائی وزیر جنگلات نے ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیاں فعال اور اپ گریڈکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیاں تمام اضلاع میں ٹارگٹ کے حصول سے 15 روزہ بنیادوں پر آگاہ رکھیں۔زرائع کے مطابق صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے شجرکاری حوالے سے بنائی گئی ڈسٹرکٹ ایفور یسٹیشن کمیٹیاں فعال بنانیاور ڈویژنل لیول پر اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا۔

سبطین خان نے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ٹارگٹ کے حصول کیلئے ضلعی کمیٹیاں فعال اور مزید بااختیار کی جائیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیوں میں ہر ضلع کا ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹی کا چیئرمین جبکہ ڈی ایف او سیکرٹری اور ممبران میں ایجوکیشن، ہیلتھ، ایگریکلچر، لائیو سٹاک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹیوں کے چیف آفیسرز شامل ہیں جن کی نگرانی میں شجرکاری کے حوالے سے لائحہ عمل پر عملدرآمد کروانے کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سبطین خان نے کہا کہ شجرکاری کے موثر نتائج برآمد کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایفورسٹیشن کمیٹی کے تمام ممبران مزید بااختیار بنائے جائیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیوں کی ماہانہ میٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایفوریسٹیشن کمیٹیوں کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں اور اقدامات سے میڈیا کوآگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمیٹیاں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شجرکاری حوالے سے رابطہ مزید موثر بنائیں اور اضلاع وائز ٹارگٹ کے نتائج سے 15 روزہ بنیادوں پر مجھے آگاہ رکھیں۔

سبطین خان نے محکمہ جنگلات کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ پودوں کی کاشت اور شجرکاری کی مانیٹرنگ کا عمل تیز اور بہتر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر میں مکمل ہونے والی مون سون شجرکاری مہم 2021 میں محکمہ جنگلات نے ماضی کی نسبت تاریخی نتائج دیتے ہوئے سب سے بڑا شجرکاری ہدف حاصل کیا۔ سبطین خان نے کہا کہ سپرنگ شجرکاری مہم کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ سبطین خان نے سپرنگ شجرکاری کے دوران نرسریوں میں پلانٹنگ سٹاک ہر صورت مکمل رکھنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں