عوام کو فوری ریلیف نہیں دے سکتے ،پاکستان کو ڈیفالٹ جیسی صورتحال کا سامناہے،خواجہ آصف

بہت بڑا طبقہ ٹیکس نہیں دیتا جن میں ریٹیلر اور ہول سیلرز شامل ہیں،2.6 ٹریلین روپے کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں زیرالتوا ہیں،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 1 اپریل 2024 11:39

عوام کو فوری ریلیف نہیں دے سکتے ،پاکستان کو ڈیفالٹ جیسی صورتحال کا سامناہے،خواجہ آصف
سیالکوٹ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم اپریل2024 ء) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف نہیں دے سکتی، پاکستان کو ڈیفالٹ جیسی صورتحال کا سامنا ہے، ملک تقریباً دیوالیہ ہو چکا ہے،بہت بڑا طبقہ ٹیکس نہیں دیتا جن میں ریٹیلر اور ہول سیلر شامل ہیں، ٹیکس صرف چند لاکھ لوگ دیتے ہیں۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے مزید کہا کہ 2.6 ٹریلین روپے کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں زیرالتوا ہیں۔

جنہیں حل کرنے میں عدلیہ پھرتی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔پاکستان میں ٹیکس دینے والوں میں بڑی تعداد تنخواہ دار طبقے کی ہے۔ ریٹیلرز اور ہول سیلرز جیسے اہم سیکٹرز ٹیکس کی ادائیگی کا فرض پورا کرنے سے گریز کرتے ہیں جوکہ ملک کی معاشی مشکلات کی بنیادی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

اربوں روپے کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں برسوں سے زیر التوا ہیں۔ ٹیکس کا بوجھ غیر متناسب طور پر تنخواہ دار طبقے پر پڑتا ہے جبکہ دیگر طبقات اس اہم ذمہ داری کو نظرانداز کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے 18 سے 24 ماہ کے اندر معاشی تبدیلی کی امید ظاہر کی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا کامیاب نفاذ بالآخر عوام کو موجودہ مالی دباوٴ سے کافی ریلیف فراہم کرے گا۔خواجہ آصف کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف نہیں دے سکتی۔تاہم حکومت کی موجودہ معاشی پالیسیوں کے خاطر خواہ نتائج آئندہ 2 برس میں عوام کو نظرآنا شروع ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ تاجر دوست سکیم کی رجسٹریشن کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے ۔ابتدائی طور پر تاجروں کی رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کی جائے گی۔ تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکیں گے، رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہو سکے گی۔ریٹیلرز رجسٹریشن آج سے 30 اپریل تک کرو اسکتے ہیں، نہ کرانے کی صورت میں جرمانے ہوں گے۔

ایف بی آرکو تاجر دوست سکیم سے سالانہ تقریبا 500 ارب روپے تک اضافی ٹیکس کی توقع ہے۔ پورے سال کا ٹیکس یکمشت ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت ہوگی۔اسی طرح سال 2023 کے گوشوارے جمع کرانے پر بھی 25 فیصد رعایت ملے گی۔چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز کے علاوہ مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز ر پر بھی سکیم کا اطلاق ہوگا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں