وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی کابینہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، صوبائی وزیر بلدیات

پیر 22 اپریل 2024 19:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی کابینہ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور ان کو ریلیف پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے، جس کے ثمرات آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں کمی اور میونسپل سروسز کی اربن اور رورل ایریا میں یکساں فراہمی کی صورت میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، پنجاب حکومت خدمت کی سیاست کو آگے بڑھا رہی ہے اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل بالخصوص مہنگائی کے خاتمہ اور روزگار کی فراہمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پی پی 51 کے موضع بیڑھ میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک نواز، حاجی فیض، ملک طاہر اور طاہر عباس کے علاوہ علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ایک ایک پائی سوچ سمجھ کر خرچ کی جائے گی اور منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے گا ،منصوبہ بندی سے علاقہ کے ترقیاتی کام درجہ بہ درجہ اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں گے اور الیکشن میں عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی قیادت نے جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے اس کی انجام دہی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کی موضع بیڑھ آمد پر اہل دیہہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں