ضلع خیرپور میں سکولوں کی تعمیرات اور مرمت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

جمعرات 26 مئی 2022 16:09

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) ضلع خیرپور میں اسکولوں کی تعمیرات اور مرمت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جمعرات کو ڈپٹی کمشنر خیرپور سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس، چیف مانیٹرنگ آفیسر غلام علی طارق سمیت ٹی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر خیرپور نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی تعمیرات اور مرمت کے کام میں معیار کو ملحوظ رکھتے ہوئے مقررہ وقت پر کام مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی ماحول اور سہولیات کی فراہمی میں مدد مل سکے۔ انہوں نے ایجوکیشن ورکس کے انجینئر ز کو ہدایت کی کہ ایم اینڈ آر کی منصوبہ بندی، پی سی ون اور ملنے والے فنڈز کو سامنے رکھ کر مکمل توجہ دی جائے ملنے والے فنڈز کو لیپس ہونے سے بچاتے ہوئے کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ورکس کام کی رفتار سمیت ڈی اوز، ٹی اوز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو آن بورڈ لیتے ہوئے پیشہ وارانہ خدمات کی انجام دہی اور مسائل کے حل کے لیے مشاورت ضرور کریں تاکہ جلد حل نکالا جائے۔ ڈی سی خیرپور نے ڈی اوز اور ٹی اوز کو ہدایت کی کہ تمام تر کاموں میں مانیٹرنگ کو مضبوط کرنے کے ساتھ ذمہ داری ادا کی جائے۔اجلاس میں ایجوکیشن ورکس، ٹی اوز، ڈی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں