شہریوں کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ ریکوری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ،میونسپل کمشنر سکھر

پیر 19 اکتوبر 2020 19:01

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) میونسپل کمشنر سکھر عزیز الرحمن تنیو نے بلدیہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ ریکوری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ‘ ذرائع آمدن میں اضافہ کئے بغیر مسائل کا حل نہ ممکن ہے ۔ یہ ہدایات میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو نے بلدیہ افسران سے میٹنگ کے دوران جاری کیں ‘ میٹنگ میں ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی شیخ ‘ ایکسین سہیل احمد میمن ‘ اکائونٹس آفیسر یوسف ملک ‘ ٹیکسیشن آفیسر محمد علی لغاری ‘ پبلک ریلیشن آفیسر پیر عطاء الرحمن خان ‘ ایس پی او عابد علی انصاری ‘ آفس سپرنٹنڈنٹس اسلام الدین شیخ اور آصف علی خان شریک تھے۔

میونسپل کمشنر نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی شیخ سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی اور انکی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ‘ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر نثار احمد میمن نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری کر رکھی ہیں لہٰذا شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس کے ساتھ ساتھ محکمے کے بقایا جات کی ریکوری پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ریونیو جنریٹ کئے بغیر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے مشن کی تکمیل مشکل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ میونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ افسران و عملہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے اور ایمانداری کیساتھ نبھائیں ‘ کام چور ملازمین کے خلاف متعلقہ افسر فوری ایکشن لے اور مجھے رپورٹ کرے تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں