سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کا قتل کیس کے ایک ملزم کی سزا برقرار رکھنے اور دوسرے ملزم کو بری کرنے کا فیصلہ

جمعہ 29 مارچ 2024 16:54

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے قتل کیس میں ایک ملزم کی عمر قید کی سزا کے خلاف درخواست مسترد کر دی ، اسی مقدمے کے دوسرے ملزم کو بری کر دیا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کے جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل سنگل بنچ نے نوشہرو فیروز کے علاقے بھارہ میں قتل ہونے والے حبیب اللہ کلہوڑو کے قتل کیس کے 2 ملزمان کی اپیل کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران مدعی اور ملزمان کی جانب سے وکیل محمد علی دایو اور وکیل نادر علی پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سال 2019 میں حبیب اللہ کلہوڑو کو نوشہروفیروز کے تھانہ بھریا سٹی میں زمین کے تنازع پر ملزمان نے قتل کر دیا تھا ۔ 2023 میں نوشہروفیروز کے سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج طاہر حسین ابڑو کی عدالت نے حبیب اللہ کلہوڑو قتل کیس کا جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان ممتاز کلہوڑو اور عاشق کلہوڑو کو عمر قید اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔ ہائی کورٹ سکھر کی سنگل بنچ نے حبیب اللہ کلہوڑو قتل کیس کے ایک ملزم عاشق کلہوڑو کی عمر قید کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی اپیل کی درخواست مسترد کر دی جبکہ اسی کیس کے دوسرے ملزم کو بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا اور ان كو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں