ٹنڈوالہ یار،باپ نے نومولود 15 ہزار میں فروخت کردیا

ہفتہ 22 جولائی 2017 15:15

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء)ٹنڈوالہ یار میں باپ نے مبینہ طور پر اپنا نومولود بچہ 15 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔ بچے کی ماں نے پولیس کو درخواست دی کہ اس کا شوہر نشے کا عادی ہے، پولیس نے بچے کو خریدنے والے شخص اور اس کی بیوی کو گرفتار کرکے بچہ بازیاب کرالیاہے۔تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کے رہائشی شخص نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ عبدالغفور قمبرانی نے 4 روز قبل پیدا ہونے والا بچہ 15 ہزار روپے میں فروخت کردیا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کا علم ہونے پر مقامی پولیس نے فوری کاروائی کی اور بچے کو مبینہ طور پر خریدنے والے شخص اور اسکی بیوی اور ماسی کو گرفتار کرکے بچہ کو بازیاب کرالیاہے۔پولیس کے مطابق کسی بھی بچے کو خریدنا یا قانونی تقاضوں کے بغیر گود لینا بھی جرم ہے ۔ پولیس نے نومولود بچے کو ماں کے حوالے کردیا ۔بچہ خریدنے والی عورت نے بتایا کہ انہوں نے بچہ خریدا نہیں بلکہ گود لیا ہے۔ بچے کو اسکی ماں نے اپنے ہاتھوں سے ان کے حوالے کیا جس کی ویڈیو بھی موجود ہے ۔پولیس نے دونوں فریقین کے بیانات پر تفتیش شروع کردی۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں