ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے ،ڈپٹی کمشنر

منگل 16 مئی 2023 23:02

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2023ء) ڈپٹی کمشنر امتیاز علی ابڑو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے تاکہ عوام کو فوری اور بروقت رلیف مل سکے۔ یہ بات انہوں نے موصول عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع سجاول میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کی فوری رسائی اور سہولیات میں مزید بہتری لانے کے متعلق سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (ایس آئی ای ایچ ایس) کے چیف ایگزیکیوٹو افسر عابد نوید سے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر سجاول احمد علی سمیجو، ایس آئی ای ایچ ایس کے ٹیم ممبران پبلک رلیشن افسر مرتضی عباس، زونل مینیجر وزیر احمد زؤر، اسٹیشن ڈسٹرکٹ افسر ریسکیو 1122 بختیار عظیم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امتیاز علی ابڑو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع سجاول میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کو تشویشناک حالت میں مبتلا اور مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں تک رسائی اور انہیں ہنگامی بنیادوں پر فوری طبی امداد کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جا سکے۔

انہوں نے موصول عوامی شکایات کے پیش نظر کہا کہ ریسکیو 1122 ایمبولینس سروسز کو رسمی کاغذی کارروائیوں سے قبل عوام کی کال پر فوری جائے حادثہ پر پہنچ کر مریضوں اور زخمیوں کو ریسکیو کیا جائے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکیوٹو افسر (ایس آئی ای ایچ ایس) عابد نوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سجاول کے عوام کو ہنگامی طبی خدمات کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ کمیونٹیز کو طبی اور صحت کی فوری خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وہ ضلعی انتظامیہ، ایمرجنسی رسپانس ایجنسیوں اور ضلع سجاول کی کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ہنگامی حالات کے دوران فوری اور مربوط ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں کمیونٹیز کو طبی اور صحت کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 سروس کو مزید پختہ اور پر عزم بنانے پر زور دیا گیا جبکہ ہنگامی تیاریوں کو بڑھانے، مختلف رسپانس ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور ہنگامی خدمات کی کارکردگی و تاثیر کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کو نافذ کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں