ماریہ قتل کیس، گرفتار بھائی اور باپ مزید4روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ماریہ قتل کیس کے گواہ شہباز کے وکیل کا وکلات نامہ واپس لینے کا اعلان،ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے ماریہ قتل کیس کی سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 مارچ 2024 15:49

ماریہ قتل کیس، گرفتار بھائی اور باپ مزید4روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مارچ2024 ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے باپ اور بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی 22سالہ ماریہ کے قتل کیس میں گرفتار فیصل اور اس کے باپ کو 4روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے ماریہ قتل کیس کی سماعت کی، گرفتار مرکزی ملزم فیصل اور اس کے باپ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے عدالت سے ملزمان کے12روزہ ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے ملزمان کو مزید 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ماریہ قتل کیس کے گواہ شہباز کے وکیل نے وکلات نامہ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایسے درندوں کی کسی صورت وکالت نہیں کرسکتا۔مقدمے کے گواہ اور ماریہ کے بڑے بھائی کے سینئر وکیل کامران ظفر نے وکالت نامہ واپس لینے کا اعلان کردیا ، وکیل کامران ظفر نے کہا کہ شہباز اور اس کی اہلیہ گمراہ کررہے تھے، ایسے درندوں کی کسی صورت وکالت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 2روزقبل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی نے اپنی سگی 22سالہ بہن ماریہ کو گلا دباکر قتل کر دیاتھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی بھابھی اور بھائی نے ملزمان پر لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ملزمان نے انہیں بھی جان سے مارنے دھمکیاں دی تھیں۔ماریہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے ملزمان فیصل اور عبدالستار پر لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کردیا۔

منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں یہی خاتون قتل کے وقت بنائی جانے والی ویڈیو میں بھی نظر آرہی تھیں، جبکہ قتل کی ویڈیو بنانے والا شہباز ہے۔مقتولہ کی بھابی نے بتایا کہ ماریہ میری نند تھی، ہم جہاں رہتے تھے وہاں میرا بندہ (شوہر) مزدوری کرتا تھا، میری دو بیٹیاں ہیں، ماریہ اس کا بھائی اور باپ گھر پر رہتے تھے، ہم روزے رکھنے کیلئے گھر آئے کہ روزے گھر پر رکھیں گے، جب ہم گھر آئے تو ماریہ میرے آگے روئی، وہ کہنے لگی کہ بھابھی میرے ساتھ ایسے ایسے ظلم ہورہا ہے، میرے بھائی کو بتاو¿ کہ وہ مجھے انصاف دلائے اور باپ اور بیٹے سے بچائے۔

یاد رہے کہ تھانہ صدر ٹوبہ کی حدود کے علاقے چک نمبر 477 ج ب آلو وال میں 17 اور 18 مارچ کی شب ماریہ نامی لڑکی کوگلا دبا کر قتل کیا گیا۔گزشتہ روزبھائی کے ہاتھوں اپنی بہن کی گلا دبا کر قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مرنے والی لڑکی ماریہ کے والد بھی قتل کے موقع پر آرام سے سب کچھ دیکھتے رہے ۔ ملزم فیصل نے نے 3 منٹ تک بہن کے منہ پر تکیہ رکھا۔

کمرے میں باپ اور گھر کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔منظرعام پرآنے والی ویڈیو میں رشتہ دار قتل کی ویڈیو بناتا رہا جبکہ باپ اور ایک عورت بھی اس موقع پر موجود تھے جو سکون سے قتل کا منظر دیکھتے رہے۔ قتل کے بعد لڑکی کی خاموشی سے تدفین بھی کر دی گئی۔ ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے باپ اور بیٹے کوگرفتار کرلیاگیا تھا جبکہ مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبرکشائی کی درخواست بھی دی تھی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں