فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز ،جینک سنر اورنوویک جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

جمعرات 5 جون 2025 21:25

فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز ،جینک سنر اورنوویک جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اور سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت اے ٹی پی فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ جرمنی کے ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف اور قازقستان کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر ببلک ٹاپ 8 رائونڈ میں ہار کر مردوں کیسنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئے۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہے ، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مینز سنگلز مقابلوں کے ٹاپ 8 رائونڈ میچ میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے قازقستان کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر ببلک کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور سیمی فائنل رائونڈ میں جگہ پکی کرلی ،جہاں فاتح کھلاڑی کا مقابلہ سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ سے ہوگا۔

مینز سنگلز ٹاپ 8 رائونڈ کے ایک اور میچ میں سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کے ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف کو شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔فاتح نوویک جوکووچ کو اب اپنا 25 واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید دو فتوحات کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 05/06/2025 - 21:25:09