سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، ہسپانوی سٹار کارلوس الکاراز نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

منگل 19 اگست 2025 10:50

اوہائیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ہسپانوی سٹار کارلوس الکاراز نے سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا جب کہ عالمی نمبر ون یانک سینر فائنل کے دوران طبیعت کی خرابی کے باعث میچ سے دستبردار ہوگئے۔سپین کے نامور ٹینس سٹار ، ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز کو پہلے سیٹ میں 0-5 کے خسارے کا سامنا تھا کہ اس موقع پر سینر نے طبیعت کی خرابی کے باعث میچ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی کارلوس الکاراز کو ٹائٹل کا فاتح قرار دے دیا گیا۔

ٹرافی ملنے کے بعد تقریب کے دوران الکاراز نے کہاکہ یہ وہ طریقہ نہیں جس سے میں ٹائٹلز جیتنا چاہتا ہوں۔ انہوں نےئ حریف کھلاڑی عاکمی نمبر ون یانک سینر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں اور سمجھ سکتا ہوں کہ آپ (سینر)اس وقت کیسا محسوس کر رہے ہیں لیکن آپ حقیقی چیمپئن ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر واپس آئیں گے، جیسا کہ آپ ہمیشہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کامیابی الکاراز کا رواں سیزن میں تیسرا ماسٹرز 1000 ٹائٹل ہے، اس سے قبل وہ مونٹے کارلو اور روم میں بھی فاتح رہ چکے ہیں۔خواتین سنگلز میں پولینڈ کی عالمی نمبر ایک ایگا سواتیک نے اطالوی کھلاڑی جاسمین پاؤلینی کو شکست دے کر سن سیناٹی اوپن کا اپنا پہلا ٹائٹل جیت لیا۔
وقت اشاعت : 19/08/2025 - 10:50:02

متعلقہ عنوان :