باتھ رگبی کلب کے سابق کپتان اور ہال آف فیم کے رکن راجر سپوریل 71 برس کی عمر میں چل بسے

بدھ 3 جون 2026 20:35

باتھ رگبی کلب کے سابق کپتان اور ہال آف فیم کے رکن راجر سپوریل 71 برس کی عمر میں چل بسے
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2026ء) انگلش رگبی کلب باتھ کے سابق کپتان راجر سپوریل 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کے مطابق سابق پیرا ٹروپر اور فلینکر راجر سپوریل نے 1979 میں کلب کے لیے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور وہ 1982 میں ٹیم کے کپتان بنے۔ انہوں نے 3 سیزنز تک باتھ کلب کی قیادت کی جس کے دوران ٹیم نے 1984 میں حریف برسٹل اور 1985 میں لندن ویلش کو شکست دے کر مسلسل 2 مرتبہ جون پلیئر کپ جیتا۔

راجر سپوریل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جرمی گسکاٹ اور جیک روول سمیت ان صرف 6 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں باتھ کلب کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ باتھ رگبی کلب نے اپنے تعزیتی بیان میں راجر سپوریل کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ٹیم کو فتوحات حاصل کرنے والا سکواڈ بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی دکھائی گئی اقدار آج بھی کلب کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

باتھ رگبی نے اپنے بیان میں کہا کہ راجر سپوریل نے اپنی جرات، عزم اور قائدانہ صلاحیتوں سے ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کیا۔ کلب کے مطابق ان کی سب سے بڑی میراث وہ مثال ہے جو انہوں نے اپنی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم کے لیے غیرمتزلزل وابستگی کے ذریعے قائم کی۔راجر سپوریل نے کاؤنٹی رگبی میں کارن وال کی نمائندگی بھی کی جبکہ پلائمتھ البیون اور لانسسٹن کے لیے بھی کھیلتے رہے۔ ان کے انتقال پر رگبی حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔
وقت اشاعت : 03/06/2026 - 20:35:59