Yaar E Ghar - Article No. 1199

Yaar E Ghar

یارِ غار - تحریر نمبر 1199

جب ہجرت کے سفر میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور نبی کریم ﷺ کے ساتھ غار ثور کی طرف جارہے تھے تو حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کبھی حضور ﷺ کے آگے چلتے اور کبھی پیچھے چلنے لگتے یہ دیکھ کر حضور نبی کریم ﷺ نے پوچھا

ہفتہ 18 فروری 2017

حکایت صحابہ کرام رضی اللہ عنہ :
جب ہجرت کے سفر میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور نبی کریم ﷺ کے ساتھ غار ثور کی طرف جارہے تھے تو حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کبھی حضور ﷺ کے آگے چلتے اور کبھی پیچھے چلنے لگتے یہ دیکھ کر حضور نبی کریم ﷺ نے پوچھا :
اے ابو بکر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ ) ایساکیوں کرتے ہو ۔

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا ۔
یارسول اللہ ﷺ جب مجھے تلاش کرنے والوں کا خیال آتا ہے تو میں آپ ﷺ کے پیچھے ہوجاتا ہوں اور جب گھات میں بیٹھے ہوئے دشمنوں کاخیال آتا ہے تو آگے آگے چلنے لگتا ہوں مبادا کوئی آپ ﷺ کو گزندنہ پہنچے ۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :
کیا تم خطرہ کی صورت میں میرے آگے مرنا پسند کرتے ہو ؟
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا :
یارسول اللہ ﷺ رب ذوالجلال کی قسم ، میری یہی آرزو ہے ۔

(جاری ہے)


جب غار کے نزدیک پہنچے تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی :
یارسول اللہ ﷺ آپ ﷺ ٹھہریے میں غار کو صاف کر لوں ۔
یہ کہہ کر وہ غار میں داخل ہوگئے اور ہاتھوں سے ٹٹول کر غار کو اچھی طرح صاف کیا۔ اس کے بعد جہاں جہاں کوئی سوراخ نظر آیا، کپڑا پھاڑ کر اس کو بند کردیتے یہاں تک کہ کپڑا ختم ہوگیا اور ایک سوراخ باقی رہ گیا ۔
وہاں آپ نے اپنے پاؤں کا انگوٹھا رکھ دیا تاکہ کوئی چیز حضور نبی کریم ﷺ کو تکلیف نہ پہنچائے ۔
اس کے بعد حضور نبی کریم ﷺ غار میں داخل ہوئے اور حضرت ابو بکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی گود میں سرمبارک رکھ کرسوگئے ۔ جس سوراخ پر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنا پاؤں رکھا ہوا تھا اس سوراخ سے ایک سانپ نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ڈس لیا مگر آپ نے شدید تکلیف کے باوجود اپنے پاؤں کو جنبش نہ دی کہ کہیں حضور ﷺ کی آنکھ نہ کھل جائے اور آپ ﷺ کی نیند میں خلل نہ پڑے ۔
مگر سانپ کے کاٹے کی تکلیف سے آپ کے آنسوحضور ﷺ کے چہرہ اقدس پر پڑے تو حضور ﷺ کی آنکھ کھل گئی ۔ آپ ﷺ نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر فرمایا ۔
ابو بکر ، کیا بات ہے ؟
آپ نے عرض کیا :
یارسول اللہ ﷺ سانپ نے ڈس لیا ہے ۔
حضور نبی کریم ﷺ نے اپنا لعاب دہن مبارک اس جگہ لگادیا جہاں سانپ نے کاٹا تھا تو زہرکا اثر فوراََ جاتا رہا ۔

Browse More Urdu Literature Articles