تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے، رانا لیاقت علی

مزید ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے اساتذہ برادری عدم تحفظ کا شکار ہے،مرکزی جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین

اتوار 22 جنوری 2017 19:50

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ16 مئی 2016 کو صوبائی وزیر تعلیم پنجاب نے پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد جس کی قیادت مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی کر رہے تھے کے ساتھ مذاکرات میں اساتذہ کی اپ گریڈیشن (ایک ماہ) ، پنجاب ٹیچرز فائونڈیشن سے اساتذہ کو بلا سود قرضے کی سہولت، پیف و دانش اتھارٹی کو سکولز کی حوالگی پر نظر ثانی ، اساتذہ و ہیڈز کے خلاف بلاجواز کاروائیوں کا سد باب و دیگر مسائل کو جلداز جلد حل کرانے کی نوید سنائی تھی مگر صد افسوس 7 ماہ گزرنے کے باوجود پنجاب ٹیچرز یونین کے ساتھ طے کردہ معاملات پر عملدرآمد کی بجائے اساتذہ میں خوف وہراس کی فضاء پیدا کر دی گئی ۔

تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی قائم کر دی گئی اور مزید ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے اساتذہ برادری عدم تحفظ کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے مجبوراً گرینڈ ٹیچرز الائنس کے پلیٹ فارم سے احتجاج کا راستہ اپنانا پڑ رہا ہے۔اساتذہ پرامن اور تعلیمی ترقی میں اپنا کردار ادا کرناچاہتے ہیں لیکن محکمہ تعلیم پنجاب کی یکطرفہ اصلاحات اور پالیسیوں کی وجہ سے اور مسلسل وعدہ خلافیوں و طفل تسلیوں نے اساتذہ کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کر دیا ہے۔

اس کے باوجود صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کی پریس کانفرنس کا خیر مقدرم کرتے ہیں کہ انہیں اساتذہ سے کئے گئے اپ گریڈیشن و دیگر معاملات کے وعدوں کا یاد تو ہے۔ لیکن اس مرتبہ اساتذہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے جب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا۔ہمیں انتہائی اقدام " پیک امتحانات کا بائیکاٹ" اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے ۔25 جنوری کو فیصل آباد میں ضلع کونسل ہال کے سامنے گرینڈ ٹیچرز الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں