سول ہسپتال میں کرپشن اور خردبرد کا انکشاف نہ ہی پہلا واقع ہے اور نہ ہی کوئی نئی بات،وسیم احمد

سرکاری ہسپتال کرپٹ اور انسانیت کے دشمنوں کیلئے پیسہ کمانے کی محفوظ آماجگاہیں بنی ہوئی ہیں، جوائنٹ سیکریٹریمہاجر قومی موومنٹ( پاکستان ) کا مختلف سرکاری ہسپتالوں کے دورے کے موقع پر اظہار خیال

منگل 21 فروری 2017 03:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) مہاجر قومی موومنٹ( پاکستان )کے جوائنٹ سیکریٹری وسیم احمد نے کہا کہ سول ہسپتال میں کروڑوںکی کرپشن اور خردبرد کا ہونے والا انکشاف نہ ہی کوئی پہلا واقع ہے اور نہ ہی کوئی نئی بات، کراچی شہر ہو یا دیہی علاقے سندھ کے تمام ہی سرکاری ہسپتال کرپٹ اور انسانیت کے دشمنوں کیلئے پیسہ کمانے کی محفوظ آماجگاہیں بنی ہوئی ہیں ۔

وسیم احمد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ہر شعبہ میں کرپٹ مافیا کا راج ہے اور یہ مافیا اتنا مضبوط اور مستحکم ہے کہ انکے خلاف آواز اٹھانے کی نہ ہی کسی میں ہمت ہے اور نہ ہی اتنا حوصلہ کے انکے خلاف کوئی کارروائی عمل لائی جاسکے، سول ہسپتال کراچی میں50لاکھ روپے کا بوگس کلیم کرنے والی کمپنی ہارون الیکڑک کا عملی طور پر کوئی وجود ہی نہیں، بل پر درج آفس ایڈریس بھی کوئی رہائشی مقام ہے،کرپشن کے غرض سے بنائی گئی فرضی کمپنی کوئی پہلی اور ایک نہیں بلکہ ایسی بے شمار کمپنیا ں ہیںجن کا کوئی وجود ہی نہیں صرف اپنی کرپشن کو عملی جامہ پہنانے اور کاغذی کارروائی مکمل کرنے کیلئے قائم کی جاتیں ہیں۔

(جاری ہے)

وسیم احمد نے زونل کمیٹی کے ہمراہ ملیر میں سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا وہاں موجود مریضوں سے بات چیت کی مریضوں نے اپنے مسائل سے انہیںآگاہ کیا جبکہ وسیم احمد نے حکومتی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ہسپتالوںمیں کوڑا اٹھانے والے سوئپر سے لے کر اوپر بیٹھے ایم ایس اور اعلیٰ حکومتی عہدوں پرفائز افسران سب ہی کرپشن کا حصہ بنے ہوئے ہیں،جبکہ جو کرپشن کا حصہ نہیں تو انکی کوئی سنتا بھی نہیںہے۔

وسیم احمد نے کہا کہ جعلی ادویات کا معاملہ ہو یاادویات کی عدم فراہمی یا علاج معالجہ میں استعمال ہونے والے طبی آلات اور ناقص مشینری کی خریداری تمام شعبے پیسے کے حصول کاذریعہ بنادئیے گئے ہیں،حتیٰ کہ موذ ی بیماریوں کے شکار افراد اور خطرناک بیماریوں میں استعمال ہونے والے انجکشن ،ڈریپ کو استعمال کرنے کے بعدبجائے مدفن اور ضیاع کرنے کے انہیں دوبارہ استعمال میں لانااور ان سے کھانے پینے میں استعمال ہونے والے برتن بنانا انسانوں کی جانوں سے ہولی کھیلنے جیسا ہے،ہم ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں اس گھناؤنے عمل کو فی الفور بند کیا جائے ،جبکہ انسانیت سوز اقدمات کرنے والے افراد کے خلاف مؤثر ایکشن لیا جائے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں