سمانتھا سٹوسر سال کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب

اتوار 24 مئی 2015 13:19

سمانتھا سٹوسر سال کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب

نیس،جنیوا، سٹراسبرگ، نورنبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مئی ۔2015ء ) فرانس میں جاری سٹراسبرگ اوپن کا فائنل تھرڈ سیڈ آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر اور فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ کے درمیان کھیلا گیا جس میں کانٹے کے مقابلے کے بعد سمانتھا سٹوسر نے تین، چھ، چھ، دو اور چھ، تین سے جیت کو گلے لگا کر سال کا پہلا کرائون اپنے سر سجا لیا جو ان کے کیریئر کا ساتواں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے ۔

اسی ایونٹ کا ڈبلز ٹائٹل تائیوان کی چیا جونگ چوانگ اور چین کی لیانگ چین پر مشتمل ٹاپ سیڈ جوڑی نے جیت لیا۔ چیا جونگ چوانگ اور لیانگ چین نے یوکرین کی نادیا کچینوک اور چین کی سائی سائی زینگ کیخلاف انتہائی سخت مقابلے میں چار، چھ، چھ، چار اور بارہ، دس سے کامیابی حاصل کی۔ ادھر جرمنی میں کھیلے گئے آل اٹالین فائنل میں کیرن کینپ نے رابرٹا ونچی کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کر کے کیریئر کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیت لیا۔

(جاری ہے)

یہ جولائی 2013ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی فائنل میں دو اٹالین کھلاڑی ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوئیں قبل ازیں پالرمو اوپن میں رابرٹا ونچی نے سارا ایرانی کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ تین سیٹس پر مشتمل مقابلے میں اٹلی کی کیرن کینپ نے سات، چھ، چار، چھ اور چھ، ایک سے رابرٹا ونچی کو زیر کرلیا۔اسی ایونٹ کے ویمنز ڈبلز فائنل میں سیکنڈ سیڈ تائیوان کی ینگ جان چن اور اسپین کی انابیل میڈینا گیریگس نے اسپین کی لارا اروبا رینا اور رومانیہ کی رالوکا اولارو کو چھ، چار اور سات، چھ سے قابو کرلیا۔

فرانس میں منعقدہ نیس اوپن میں ٹائٹل کی جنگ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم نے جیت لی، یہ ان کے کیریئر کا اولین اے ٹی پی ورلڈ ٹور کرائون ہے ۔ 21 سالہ ڈومینک تھیئم نے دو گھنٹے 28 منٹ پر محیط فائنل میں ارجنٹائن کے لیونارڈو میئر کو انتہائی سخت مقابلے میں ٹائی بریکر پر مات دی۔ ان کی جیت کا اسکور چھ، سات، سات، پانچ اور سات، چھ رہا۔ ڈومینک تھیئم رواں سال کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

وقت اشاعت : 24/05/2015 - 13:19:43