جیسن روئے کی 162 رنز کی شاندار اننگز،انگلینڈ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا،پانچ میچوں کی سیریز میں انگلش ٹیم کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل،انگلش ٹیم نے 308 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر پورا کیا،میتھیوز،چندیمل،مینڈس اور گوناتھلیکا کی نصف سنچریاں رائیگاں،روئے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 30 جون 2016 16:28

اوول ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء) جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، انگلش ٹیم نے 308 رنز کا ہدف 40.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، جیسن روئے نے 162 رنز کی کیریئر بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، گوناتھیلیکا، مینڈس، چندیمل اور میتھیوز کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔

جیسن روئے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اوول میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلش قائد آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آئی لینڈرز نے 42 اوورز میں 5 وکٹوں پر 305 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، بارش کے بعد جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو انگلش ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیت کیلئے 308 رنز کا ہدف ملا، کوسل مینڈس 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان میتھیوز نے 67 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، دنیش چندیمل 63، گوناتھلیکا 62، کوسل پریرا ایک اور پراسنا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ ویلے اور عادل راشد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41 ویں اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، جیسن روئے نے ڈٹ کر آئی لینڈرز کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر بہترین 162 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جوروٹ 65 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، معین علی 2 اور کپتان مورگن 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو 29 اور جوز بٹلر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پرادیپ نے 2، لکمل اور گوناتھلیکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 30/06/2016 - 16:28:52