یاسرشاہ میرا ریکارڈ توڑ دے گا: وسیم اکرم

بدھ 26 اکتوبر 2016 12:45

یاسرشاہ میرا ریکارڈ توڑ دے گا: وسیم اکرم

اسلا م آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26اکتوبر۔2016ء )قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے لیگ سپنریاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرا ریکارڈ توڈ دے گا۔لیجنڈری باؤلر نے سرکاری سپورٹس چینل پر اپنے تجزیے میں ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی بہترین کارکردگی تھی ، سامنے ٹیم کوئی بھی ہو جیت ریکارڈ کا حصہ بن جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ انھوں نے فتح حاصل کی۔

وسیم اکرم نے مین آف دی میچ رہنے والے یاسر شاہ کے بارے میں کہا کہ اس نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور 8 ویں دفعہ 5 وکٹیں حاصل کیں تو میں گن رہا تھا کہ میں نے 25 دفعہ 5 آؤٹ کئے ہیں اور یہی کہہ رہا تھا کہ یہ بچہ میرا ریکارڈ توڑ دے گا۔یاسر شاہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے 10 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری مرتبہ ایک میچ میں 10 وکٹیں لینے کا اعزاز پایا ،وہ 8 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ،لیگ سپنر نے اسی دوران انگلینڈ کے جارج لومین کی جانب سے جون 1886 ء میں 18 میچوں میں 112 وکٹیں حاصل کرنیکا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے میچ میں بھی اپنے 17 ویں ٹیسٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرکے ایشیا کے پہلے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مشترکہ طورپر دوسرے باؤلر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا ،انہوں نے آف سپنر سعید اجمل کی جانب سے پاکستان کیلئے تیز ترین100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کیساتھ ساتھ ایشیا میں تیزترین 100 وکٹیں حاصل کرنیکا ریکارڈ ہندوستان کے روی چندرن ایشون سے چھینا تھا۔

وقت اشاعت : 26/10/2016 - 12:45:43