ایشیاء اور پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شرکت کو یقینی بنائیں گے، سریش شبر

اتوار 4 دسمبر 2016 17:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) ایشین ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری سریش شبر احمانیم نے کہا ہے کہ ایشیاء اور پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شرکت کو یقینی بنائیں گے تاکہ ان کی رینکنگ بہتر ہونے کے علاوہ ان کو انعامی رقم حاصل ہو سکے ،پاکستانی کھلاڑیوں کی بین لاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو5ہزار ڈالرز کی امداد دے رہے ہیں جبکہ ا یشین ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سنیٹر سید دلاور عباس نے پاکستان میں ایران کیساتھ ڈیوس کپ ٹائی کے انعقاد کی بھی تصدیق کر دی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ایشین ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سنیٹر سید دلاور عباس اور ایشین ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری سریش شبر احمانیم نے اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر طارق مرتضیٰ اور سیکرٹری عارف قریشی کے ہمراہ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایشین ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری سریش نے کہا کہ مجھے پاکستان آکر خوشی ہوئی ہے،آٹھ سال قبل اے ٹی ٹی بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا اور یہ بورڈ یورپی ٹینس ٹورنامنٹس میں ایشیاء کے کھلاڑیوں کی وائلڈ کارڈ کے ذریعے انٹری کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے،سری لنکا میں ہونیوالے اجلاس میں بڑے ٹورنامنٹس میں اایشین کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا کیونکہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کے بغیر ایشین کھلاڑی نہ تو اپنی رینکنگ بہتر بنا سکتے ہیں اور نہ ہی انعامی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے آسٹریلین اوپن ٹینس کپ میں صرف جاپان ،کوریا اور تائیوان کے کھلاڑی شرکت کر سکتے تھے تاہم 2004میں آسٹریلین اوپن ٹینس کپ میں ثانیہ مرزا اور اعصام الحق قریشی کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ۔سریش شبر احمانیم نے عقیل خان کے کھیل کی بھی تعریف کی۔قبل ازیں ایشین ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سرپرست سید دلاور عباس نے کہا کہسریش شبر احمانیم کو پاکستان کے دورے پر آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ا یشنن ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ اور سیکرٹری سریش شبر احمانیم کا مشکور ہوں ،کہ انہوں نے یورپی ممالک میں منعقد ہونیوالے ٹینس ٹورنامنٹس میں ایشیاء کے کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنایا اور نہ صرف ان کی وائلڈ کارڈ انٹری کو یقینی بنایا بلکہ پاکستان کے ٹینس کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے اوران کی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میںشرکت کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن اور اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کو 5ہزار ڈالرز کی امداد ی رقم بھی فراہم کی۔

انہوں نے بتایا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن کے اقدامات کی وجہ سے بھارت اور تھائی لینڈ کو 12,12جبکہ پاکستان کو 6ٹورنامنٹس آلاٹ کئے گئے ہیں جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر ہونے کیساتھ ساتھ انہیں انعامی رقم بھی حاصل ہوگی ،اس کے علاوہ ایران کیساتھ ڈیوس کپ ٹائی بھی پاکستان کو آلااٹ کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایشیاء کی سطح پر کھلاڑیوں کے آپس میں تبادلوں کے سلسلے کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے ،ماضی قریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن نے دو ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد کروایا ہے جبکہ اب پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹورنامنٹ منعقد کروانے جا رہی ہے۔

سید دلاور عباس نے بتایا کہ پاکستان ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میںاگلے سال اپریل میں نئے تعمیراتی کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کے تحت 25نئے کمرے،نئے کورٹس اور جم تعمیر کیا جائیگا۔آخر میںسریش شبر احمانیم نے اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر طارق مرتضیٰ کو 3ہزار ڈالراور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے فنانس سیکرٹری محمد خلیل چغتائی کو 2ہزار ڈالر کے چیک پیش کئے۔
وقت اشاعت : 04/12/2016 - 17:50:09