محمد عامر سے بچ کے رہنا، سابق آسٹریلوی کرکٹرز کے سمتھ الیون کو مشورے

ہفتہ 10 دسمبر 2016 13:15

محمد عامر سے بچ کے رہنا، سابق آسٹریلوی کرکٹرز کے سمتھ الیون کو مشورے

میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10دسمبر۔2016ء )سابق آسٹریلیوی کرکٹرز اپنی ٹیم کو پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر سے ”بچ “ کررہنے کے مشورے دینے لگے ، مائیکل ہسی نے عامر کو شاندار صلاحیتوں کا مالک قرار دیاجبکہ مچل جانسن کا کہنا تھا کہ اگر پچ پر گھاس ہوئی تو عامر کو کھیلنا مشکل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرنے بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والی فاسٹ باؤلر محمد عامر کی گھومتی گیندوں اور سوئنگ نے کینگروز کی نیندیں اڑا دی ہیں اور 15دسمبر سے برسبین میں شیڈول ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ سے قبل سے سابق آسٹریلوی کرکٹرز سمتھ الیون کو عامر سے بچنے کے مشورے دینے لگے ہیں ۔

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل ہسی کا کہنا تھا کہ محمد عامر ناقابل یقین اور شاندار صلاحیتوں کا مالک باؤلر ہے،اس نے مشکل وقت دیکھا ہے اور خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہسی کا کہنا تھا کہ 2010ء میں عامر نے انہیں بہت تنگ کیا اور کینگروز کو نوجوان باؤلر سے بچ کر رہنا ہوگا ۔ دوسری جانب سابق آسٹریلیوی فاسٹ باؤلر مچل جانسن کو محمد عامر کے ہاتھوں لیڈز میں کلین بولڈ ہونا ابھی تک نہیں بھولا،ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو2010ء میں کھیلنا بہت مشکل تھا،اگر برسبین میں پچ پر گھاس ہوئی تو عامر کو کو کھیلنا اور بھی مشکل ہوجائے گا ۔

وقت اشاعت : 10/12/2016 - 13:15:59