سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اینجلومیتھیوز کو 2019ء ورلڈکپ تک ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 20 جنوری 2017 17:53

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اینجلومیتھیوز کو 2019ء ورلڈکپ تک ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے حالیہ ناکامیوں کے باوجود اینجلومیتھیوز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انہیں 2019ء آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ تک ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد میتھیوز کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس کے باوجود بورڈ نے ان پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں اگلے ورلڈکپ تک ٹیم کی قیادت جاری رکھنے کی ذمہ داری سونپ دی۔

(جاری ہے)

ایس ایل سی کے صدر تھیلانگا سوماتھیپالا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ میتھیوز کو ہماری اور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سنتھ جے سوریا کی مکمل حمایت حاصل رہے گی، میتھیوز کو بھی چاہیے کہ وہ ہمارے فیصلے کا احترام کریں اور ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سنتھ جے سوریا نے کہا کہ پروٹیز کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار میتھیوز کو ٹھہرانا درست نہیں بلکہ اس وقت ہمیں ان پر الزام لگانے کی بجائے انہیں مزید مضبوط کرنا چاہیے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 17:53:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :