محکمہ موسمیات نے لاہور اور اسلام آباد میں بارش کی پیش گوئی کر دی

کوہاٹ اور بنوں میں بھی بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 12:30

محکمہ موسمیات نے لاہور اور اسلام آباد میں بارش کی پیش گوئی کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : محکمہ موسمیات نے لاہور ، فیصل آباد اور اسلام آباد میں بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج لاہور، فیصل آباد، ملتان اور اسلام آباد میں بارش کی پیش گوئی کی۔ جبکہ کوہاٹ اور بنوں میں بھی بادل برسیں گے۔ شہر قائد میں مطلع ابرآلود رہے گا، اور کئی علاقوں میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ہزارہ، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ،ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، ڈی آئی خان، مالاکنڈ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان،ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

مزید برآں آج بلوچستان میں ژوب اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہر قائد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اس کے علاوہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں بارش ہوگی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی مزید بارشوں کا امکان بھی ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیزہواؤں/آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنائی تو گرمی کے ستائے شہریوں نے بھی اطمینان کا سانس لیا۔