سول ہسپتال جیکب آبادسے ماہر ڈاکٹروں کا دیہی علاقوں میں تبادلہ کردیا گیا، مختلف علاقوں سے آنے والے مریض رل گئے

بدھ 26 اپریل 2017 23:15

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) سول اسپتال جیکب آبادسے ماہر ڈاکٹروں کا دیہی علاقوں میں تبادلہ کردیا گیا، مختلف علاقوں سے آنے والے مریض رل گئے، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی ضلع کی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ماہر ڈاکٹر موجود نہیںجبکہ اسپتال میں مقرر ڈاکٹروں کا بھی دیہی علاقوں میں تبادلہ کردیا گیا ہے، سول اسپتال میں گائناکالوجسٹ ، ڈینٹل سرجن، فزیشن سرجن، ذیباطیس ،آرتھوپیڈک ، ریڈیولاجسٹ سمیت دیگر ماہر ڈاکٹر وں کی کمی ہے جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مریض رل گئے ہیں اور علاج سے محروم ہیں ،دوسری جانب سول اسپتال جیکب آباد سے رورل ہیلتھ سینٹر گڑہی حسن تبادلہ کئے گئے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ایاز قریشی اور ذیباطیس کے ڈاکٹر نظیر احمد سومرو نے رابطے پر بتایا کہ دیہی علاقے میں ڈیوٹی کے لیے جانے کے دوران سیکورٹی کے مسائل درپیش ہیں اور مذکورہ صحت مرکز میں نہ تو ڈینٹل مشن ہے اور نہ ہی شوگر ٹیسٹ کرنے کے لیے آلہ موجود ہے جس کی وجہ سے ہم مریضوں کا بہتر علاج نہیں کرسکتے ، انہوں نے کہا کہ سول اسپتال جیکب آباد میں دور دراز کے علاقوں کے مریض علاج کے لیے آتے تھے جو اب اس سہولت سے محروم ہیں، واضح رہے کہ اس سے قبل بھی یرقان کے ماہرڈاکٹر برج لال ،ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عبدالوحید پٹھان کا تبادلہ بھی گڑہی خیرو کے دیہی صحت مرکز میں کردیا گیا ہے ، سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،شہریوں نے سول اسپتال سے ماہر ڈاکٹروں کے تبادلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ماہر ڈاکٹروں کو واپس سول اسپتال میں مقرر کیا جائے کیوں کہ سول اسپتال میں ضلع بھر سمیت بلوچستان سے بھی مریض آتے ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ مجبور ہوکر پرائیوٹ اسپتالوں میں علاج کرانے پر مجبور ہیں۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں