حکومت کا رمضان بازاروں میںعوام کو ریلیف دینااولین تر جیح ہے،ڈپٹی کمشنرقصور

ہفتہ 20 مئی 2017 15:32

حکومت کا رمضان بازاروں میںعوام کو ریلیف دینااولین تر جیح ہے،ڈپٹی کمشنرقصور
قصور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے سلسلہ میں ضلع بھر کے انجمن تاجران کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی اور ضلع بھر کے انجمن تاجران کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنرنے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کو مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں جن پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان بازاروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں پر عوام الناس کو اشیائے خوردونوش ‘چینی ‘آٹا‘پھل اور سبزیاں وغیرہ مارکیٹ ریٹ پر دستیاب ہوںگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجر رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عام بازاروں میں اشیائے خوردونوش کو حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے اپنے تمام تروسائل بروئے کار لائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر ضلع بھر کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں