پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میںہیلتھ ویک بھرپور طریقے سے منایا جائیگا ‘ہیپا ٹائٹس ‘ٹی بی ‘شوگر اور دیگر بیماریوں کے مفت ٹیسٹ کئے جائینگے ‘مرض کی تشخیص ہونے کے بعد ویکسی نیشن اور ادویات مفت فراہم کی جائینگی ‘ہیلتھ ویک کے دوران عوام الناس کو تمام سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

منگل 8 اگست 2017 18:03

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2017ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں ہیلتھ ویک بھرپور طریقے سے منایا جائیگا ‘ہیپا ٹائٹس ‘ٹی بی ‘شوگر اور دیگر بیماریوں کے مفت ٹیسٹ کئے جائینگے ‘مرض کی تشخیص ہونے کے بعد ویکسی نیشن اور ادویات مفت فراہم کی جائینگی ‘ہیلتھ ویک کے دوران عوام الناس کو تمام سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائیگی ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ہیلتھ ویک بھرپور طریقے سے منانے کے حوالے سے محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد نذیر ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ‘ڈپٹی ڈی ایچ اوزاور دیگر محکمہ صحت کے افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ ہیلتھ کے افسران نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں مختلف بیماریوں کی روک تھام اور اسکی تشخیص و علاج کیلئے 15سے 19اگست 2017ء تک ہیلتھ ویک بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے جس میں ہیپا ٹائٹس ‘ایچ آئی وی ایڈز ‘بلڈ پریشر ‘ٹی بی ‘شوگر ‘تپ دق ‘دمہ ‘خون کی کمی سمیت مختلف بیماریوں کی مفت تشخیص و علاج کیا جائیگا اور اس سلسلے میںڈی ایچ کیو ہسپتال قصور ‘ٹی ایچ کیو زہسپتال چونیاں ‘پتوکی ‘روشن بھیلہ ‘آر ایچ سیز ہسپتال مصطفی آباد ‘الہ آباد ‘حبیب آباد اور بی ایچ یوزہسپتال سرہانی ‘رائو خان والا ‘فتح پور ‘کوٹھا ‘جمبر خورد ‘بھمبہ کلاں میں کیمپس لگائے جائینگے جہاں ڈاکٹرز اور دیگر عملہ مختلف بیماریوں کی تشخیص و علاج کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہیلتھ ویک کے دوران الٹرا سائونڈ اور دیگر تمام ٹیسٹ مفت کئے جائینگے نیز مریضوں کو ویکسی نیشن اور ادویات کی مفت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ ہیلتھ ویک کے دوران عوام الناس کو تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں نیز ہیلتھ ویک کے دوران کیمپس میں آنے والے تمام لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کر کے اچھے طریقے سے علاج معالجہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں