نواز شریف کی اڈیالہ جیل متوقع آمد،سیکیورٹی ریڈالرٹ

جیل کے اندر اور باہر رینجرز تعینات،کوئیک ریسپانس فورس بھی تیار ہو گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 12 جولائی 2018 22:56

نواز شریف کی اڈیالہ جیل متوقع آمد،سیکیورٹی ریڈالرٹ
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12جولائی 2018ء) :نواز شریف کی اڈیالہ جیل متوقع آمد کے پیش نظرسیکیورٹی ریڈالرٹ کر دی گئی۔ جیل کے اندر اور باہر رینجرز تعینات ہیں جبکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیےکوئیک ریسپانس فورس بھی تیار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن سے کل وطن واپس پہنچ رہے ہیں ،کچھ دیر پہلے کی اطلاعات کے مطابق کچھ دیر قبل سابق وزیراعظم نوازشریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے ہیتھرو ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

مرکزی دروازے پر مظاہرین کی موجودگی نے سابق وزیر اعظم کو عقبی دروازے سے نکلنے پر مجبور کردیا۔وہ کچھ ہی دیر میں ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچیں گے۔جہاں سےنواز شریف آج رات 12بج کر 45 منٹ پر لندن سے نجی پرواز پر روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ نجی پرواز ای وائے 18سے روانہ ہوں گے۔نواز شریف کے ساتھ پارٹی رہنما اور کچھ میڈیا شخصیات بھی ہوں گے ۔نواز شریف لندن سے13جولائی صبح 8:45پر ابوظہبی پہنچیں گے۔

جہاں وہ 7 گھنٹے قیام کریں گے اور وہاں سے نجی پرواز ای وائے 243سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے اور جمعہ کی شام 6بج کر 15منٹ پر لاہور پہنچیں گےجہاں انہیں جہاز سے اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔جہاں سے انہیں متوقع طور پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔نواز شریف کی اڈیالہ جیل متوقع آمد کی پیش نظر اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے۔جیل کے اندر اور باہر رینجرز تعینات ہیں جبکہ اڈیالہ روڈ پر دو چیک پوسٹیں بنائیں گئی ہیں۔امن و امان کو قابو میں رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔جبکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیےکوئیک ریسپانس فورس بھی تیار ہو گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں