پاکستان ریلویز کی 2012-13سے 2017-18کے دوران آمدن میں ساڑھے تیس ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا،محمدجاوید انور

پیر 16 جولائی 2018 21:59

لاہور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان ریلویز کی 2012-13سے 2017-18کے دوران آمدن میں ساڑھے تیس ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ، پاکستان ریلوے جاری مالی سال آمدن میں مزید اضافے اور کارکردگی میں مزید بہتری لانے کیلئے پرعزم ہے ، یہ بات سیکرٹری وچیئرمین ریلویز محمدجاوید انور نے پی ایس ڈی پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینیکل اعجاز احمدبروڑو، ڈی جی پلاننگ مظہر علی شاہ ، ڈی آئی جی ریلو ے پولیس شارق خان اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، پی ایس ڈی پی میٹنگ میں800کوچز ،100لوکوموٹیوز کی مرمت اور نئے لوکوموٹیوز کی خریداری کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے ، اجلاس میں بتایاگیا کہ خانپور لودھراں سیکشن کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جہاں 90کلومیٹر ٹریک پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ سبی روہڑی کے درمیان سیلاب سے تباہ ہونے والے 48کلومیٹر ٹریک میں سے 28 کلومیٹر ٹریک کا کام مکمل ہوچکا ہے اور 118پُلوں میں سے 90تعمیر کئے جا چکے ہیں، چیف کمرشل منیجر ڈرائی پورٹس ڈاکٹر حسن طاہر بخاری نے اجلاس میں بتایا کہ ڈرائی پورٹس کی تعمیر و مرمت کا کام 52فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی 48فیصد اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا، چیئرمین ریلویز نے ہدایت کی ریلو ے کے تجویز کردہ تمام اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے مقررہ مدت میں لگائے جائیں تاکہ ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید کی رپورٹ پر چئیرمین پاکستان ریلویز محمد جاوید انورنے ریلوے کی تینوں کنکریٹ سلیپر فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی، انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے اور اسے پلاننگ کمیشن سے منظور کرواتے ہوئے جلد از جلد اس پر کام شروع کیا جائے، پراجیکٹ ڈائریکٹر سگنلنگ محمد عطاء اللہ نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی کہ لودھراں شاہدرہ سیکشن پر جدید سگنل سسٹم کی تنصیب کا کام پچاس فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اس کام کو ایک برس کی مدت میں مکمل کر لیا جائیگا، اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ لاہور میں سٹاف اپارٹمنٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کراچی او ر نارووال میں یہ کام اس برس دسمبر تک مکمل کر لیاجائیگا، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمدآفتاب اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نہ صرف عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرتا ہے بلکہ اپنے فریٹ سیکٹر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردارادا کرتاہے، ریلوے کی اپنی سٹریٹیجک اہمیت ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے کہا کہ ریلوے کابطور ادارہ مضبوط ہوناملک و قوم کے مفاد میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں