لالی کالی

جمعرات 22 جنوری 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

20کروڑ عوام کا مطالبہ :” دہشت گردی کے خلاف بننے والی فوجی عدالت میں وقت کے سب سے بڑے دہشت گرد مسٹراوگرا پر مقدمہ چلایا جائے، مسٹر کو 2015بار پھانسی دی جائے ، اگر مسٹر پھر بھی بچ جائے تو 2015بار عمر قید کی سزا دی جائے، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے بحران کے بلا شرکت غیرے ذمے دار یہی مسٹراوگرا ہیں، اس طرح ان کو عالمی دہشت گرد سمجھا جانا چاہیے، نا سمجھ اور بے حس مسٹر اوگرا کو بالکل پتا نہیں چلا کہ چوں کہ پٹرول سستا ہو گیا ہے اس لیے اب کھانے پکانے اور نہانے دھونے کے لیے بھی پٹرول ہی استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے لوگ بوتلیں ، کین ہی نہیں ڈرم لے کر لائن میں لگے ہیں۔
####
سیکنڈ وزیر اعظم پاکستان مسٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے پٹرول بحران ان کی حکومت کے خلاف سب سے بڑی اور گہری سازش ہے، عمران خان ، خورشید شاہ ، الطاف حسین سمیت تمام لیڈر اسحاق ڈار صاحب پر طنز اور تنقید کی بوچھار کر رہے ہیں، حالاں کہ تنقید مسٹر اسحاق ڈار پر نہیں سازش کرنے والوں پر ہونی چاہیے، سازش ان طاقتوں نے تیارکی، جنہوں نے تیل کی قیمت کم کی ہے ، نہ قیمت کم ہوتی نہ یہ بحران ہوتا۔

(جاری ہے)

تیل پیدا کرنے والے تمام ممالک کوچاہیے کہ پاکستان کو تیل کی کھپت کا سب سے بڑا ملک تسلیم کریں اور اللہ نام پر اس کے لیے تیل کی امداد کا اعلان کریں۔
####
سابق چیف جسٹس پاکستان جناب افتخار محمد چودھری نے پاکستان کے سب سے مقبول عوامی لیڈر جناب عمران خان کے خلاف 20ارب ہرجانے کا دعوی کر دیا ہے، عدالت نے عمران خان سے کہا ہے وہ29جنوری کوبہ ذات خو د یا اپنے وکیل موصوف کے ذریعے اس نوٹس کا جواب دیں، افتخار چودھری اور عمران خان دونوں اپنی مثال آپ ہیں، دونوں اپنی بات پر اڑنے اور ڈٹنے والے ہیں، ان کے کچھ مداح مشترک ہیں کچھ اپنے اپنے، ان کے درمیان شروع ہونے والی جنگ دل چسپ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے،عمران خان کا دعوی ہے 2013کے عام انتخابات میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی ،اس دھاندلی کے چمپین افتخار محمد چودھری ہیں جب کہ چودھری صاحب کا کہنا ہے ،ان کا کسی کی ہار جیت سے کوئی لینا دینا نہیں ، عمران خان دعوے کو ثابت کریں ،ورنہ میری شہرت کو نقصان پہنچانے پر 20ارب جرمانہ ادا کریں، مجھے غریبوں کے لیے کام کرنا ہے ، ہرجانے کی رقم اس کام کے لیے استعمال کروں گا۔


####
یوں تو آزاد میڈیا نے بہت سے کارنامے انجام دیے ہیں، ہر کارنامہ ایک سے بڑھ کر ایک ہے لیکن ایک کارنامے پر پاکستان کے 20کروڑ عوام آزاد میڈیا کے شکر گزار ہیں، اب تفریح طبع کے لیے کسی لالی، کالی وڈ کی فلمیں دیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ، تفریح کے لیے حقیقت پر مبنی پاکستان کی سیاسی فلمیں کافی ہیں، آزاد میڈیا کے 24گھنٹے ان فلموں کے لیے مختص ہیں ہر چینل بڑھ چڑھ کر یہ فلمیں دکھارہا ہے ، ان میں کسی ڈمی کردار کی ضرورت ہے نہ کسی فن کار و اداکار کی ، سارے کردار اصلی اور حقیقی ہوتے ہیں، انہیں کسی فن کاری اور دکھاوے کی ضرورت نہیں ہوتی جو بھی ہوتا ہے سچ مچ ہوتا ہے، پاکستان کے 20کروڑ عوام اس پر بھی آزاد میڈیا کے شکر گزار ہیں کہ جس کی بات اس کی بیوی نہیں سنتی ، اولاد نہیں سنتی اس کی بات کروڑوں لوگوں تک پہنچتی ہے، آزاد میڈیا لیڈری کا نیا ٹیلنٹ سامنے لا رہا ہے، میڈیا کے اس کارنامے کی بہ دولت نئے اور اچھوتے لیڈر متعارف ہوتے جا رہے ہیں،سیاسی پارٹیاں اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق ان لیڈروں سے استفادہ اور ان کو استعمال کر سکتی ہے۔


####
کرکٹ ورلڈکپ 2015میں شرکت کے لیے پاکستان کے ہرے ہرے شاہین روانہ ہو گئے ہیں، شاہینوں کے سردا ر بابا مصباح الحق نے چلتے سمے وعدہ اور دعوی کیا کہ” وہ بہترین کرکٹ کھیلیں گے، میچ جیتنے یا ہارنے کی ہرگز ہر گز کوئی کوشش نہیں کریں گے ۔“بابا مصباح نے ورلڈ کپ لانے یا چھوڑ آنے کا کوئی دعوی کیا نہ وعدہ ، کسی میچ کو چھوٹا یا غیر اہم سمجھنے کی غلطی نہ کرنے کی بات انہوں نے ضرور کی ہے ، لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں قوم ان سے خواہ مخوا کوئی توقعات لگاتی پھرے، اس لیے ساری قوم اپنے کسی کام کو غیر اہم سمجھ کر نہ چھوڑے ۔ کسی میچ سے پہلے جشن منانے اور پیشین گوئی کرنے کی روایت ختم کر کے اپنے کام سے کام رکھا جائے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :