
اُمّید
اتوار 27 مارچ 2016

ندیم تابانی
جمعرات بھری مراد کو پاکستان کے لیے سب بڑی خبر یہ تھی کہ بلوچستان سے ہندوستان کی بد نام زمانہ خفیہ ایجنسی را کا حاضر سروس نیول کمانڈر گرفتار ہوا، یہ کمانڈر بلوچستان کے نادانوں کو آزادی دلانے کا آسرا دے دے کر تخریب کاری اور دہشت گردی کروا رہا تھا، یہ کمانڈر کراچی کو پاکستان سے کاٹ کر پاکستانیوں کاگلا گھونٹنے کے چکر میں تھا اور یہی کمانڈر مبینہ طور پر مذہب اور مسلک کے نام پر قتل و غارت مچانے والوں کی پشت پناہی بھی کر رہا تھا، کمانڈر گرفتار ہو گیا ، یہ بھی خبر ہے کہ اس کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ۔ اس سے تفتیش بھی ہو رہی ہے ، اس نے کیا کیا گل کھلائے ، کس کس نے پاک وطن سے غداری کی ، کس نے کس سے رنگ رلیاں منائیں ،یہ ابھی سامنے آنا ہے ۔امید پر دنیا قائم ہے امید کی جاتی ہے یہ کمانڈر پاکستان کے لیے ریمنڈ ڈیوس نہیں بنے گا، امریکا اور اس کے پالتو اس کو بچانے اور چھڑانے نہیں آئیں گے، فوجی عدالت میں فورا مقدمہ چلایا جائے گا اور اس کو دن دہاڑے منار پاکستان کے قریب سر عام تختہ دار پر لٹکایا جائے گاوہ سارے سہولت کار بھی پکڑے جائیں اور رگڑے میں آئیں گے، جو پاکستان کو کھوکھلا کر کے داد عیش دے رہے ہیں۔
اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں
(جاری ہے)
####
پرویز مشرف نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے ان کو پاکستان سے جانے کی اجازت دی ۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو چاہیے جرات کے ساتھ یہ شکریہ قبول کریں۔ مت دیکھیں پی پی کیا کہہ رہی ہے ، مت سوچیں اور کون کون اس ذرا سی بات کا بتنگڑ بنا رہا ہے ۔ بس یہی سوچیں کہ یہ بھی جمہوریت کا ایک حسن ہے کہ بے عزتی کھلے دل سے برداشت کرتی ہے، انتقام نہیں لیتی ، بخش دیتی ہے ۔ پرویز مشرف نے انتہائی طاقت ور آمر ہونے کے باوجود2000ء میں میاں برادران کو خاندان سمیت جانے کی اجازت دی تھی ، میاں خاندان خالی ہاتھ نہیں بڑے بڑے 100 سوٹ کیس بھر کر لے گیا تھا، پھر دس سال پورے ہونے سے پہلے ہی واپسی کی اجازت بھی دی تھی ، احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ اور بھلا کیا ہو سکتا ہے ۔ بلکہ پرویز مشرف کو پیش کش کی جاسکتی ہے ،اپنی آل پاکستان مسلم لیگ کو پاکستان مسلم لیگ ن میں ضم کر دیں، ممنون حسین بھی ان کے لیے جگہ خالی کر سکتے ہیں، صدارت کی اگلی باری تک انتظار کر سکیں توبھی سودا مہنگا نہیں یا کم از کم سینیٹ کے اگلے چیر مین بن جائیں ۔ بڑے بڑے کمانڈر اور بڑے بڑے سیاسی رہ نما ہاتھوں ہاتھ ڈال کر گائیں:اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں
####
پاک سرزمین پارٹی کراچی کے ساتھ ساتھ حیدر آباد کو بھی پاک کرنے کے سفر پر نکلی ہوئی ہے خبر ہے کہ حیدر آباد میں اس کی قیادت کے استقبال کرنے اور دیدہ و دل فرش راہ کرنے والے بھی موجود تھے اور کانٹے بچھانے والے کرم فرما بھی ، لیکن پاک پارٹی کانٹوں کو خاطر میں لائے بغیرسفر جاری رکھے ہوئے ہے، ڈاکٹر فارق ستار نے پاک پارٹی کے کان میں اذان دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ،ڈاکٹر صاحب ! نیک خواہش کے اظہار پر شکریہ ، داد اور تالیاں۔لیکن افسوس آپ نے اذان کا موقع مس کر دیا،گھٹی اور اذان دی جا چکی، البتہ آپ اگر قدم بڑھائیں اورنیک نیت لے کر آئیں توختنے کااعزاز پاسکتے ہیں، عقیقے کی دعوت ملک ریاض کر دیں گے ،دو سال تک دودھ پلانے کا انتظام چودھری صاحب بخوشی کرسکتے ہیں۔####
ماڈل گرل سے ڈالر گرل کا خطاب پانے والی ایان علی نے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست دی ہے،ایان علی کی اس درخواست کی وضاحت میں ان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہر پیشی پر ایان علی کو اپنے عملے کے ہم راہ ہوائی جہاز اور ہوٹل میں قیام کے بھاری اخراجات ادا کرنا پڑتے ہیں، وکیل صاحب تاریخ بھگت لیں گے ، البتہ ایان علی نے کہا ہے وہ پرویز مشرف نہیں کہ فرار ہو جائیں ، بلکہ این علی ہیں ، جب عدالت طلب کرے گی سر کے بل آئیں گی ۔ ایان علی کے جذبے اور استقامت کو سلام ! البتہ انہیں یقین رکھنا چاہیے سر کے بل نہیں جانا پڑے گا، فطرت کے مطابق پاؤں پر چل کر ہی آجائیں، ایان علی میں لگے سرخاب کے پر دیکھ کر پاکستانیوں کی آنکھیں خیرہ اور دل شیرہ ہیں۔ اگر کچھ آنکھوں کو جھکنا پڑااور دل کو چیرہ لگا ہو تو وہ علاج کرواسکتے ہیں۔ یہ دنیا کے رنگ اور ڈھنگ ہیں، یہاں”ہیں کواکب کچھ نظر آتے ہیں کچھ“ والا معاملہ رہتا ہے ۔ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ABOUT US
Our Network
Who We Are
Site Links: Ramadan 2025 - Education - Urdu News - Breaking News - English News - PSL 2024 - Live Tv Channels - Urdu Horoscope - Horoscope in Urdu - Muslim Names in Urdu - Urdu Poetry - Love Poetry - Sad Poetry - Prize Bond - Mobile Prices in Pakistan - Train Timings - English to Urdu - Big Ticket - Translate English to Urdu - Ramadan Calendar - Prayer Times - DDF Raffle - SMS messages - Islamic Calendar - Events - Today Islamic Date - Travel - UAE Raffles - Flight Timings - Travel Guide - Prize Bond Schedule - Arabic News - Urdu Cooking Recipes - Directory - Pakistan Results - Past Papers - BISE - Schools in Pakistan - Academies & Tuition Centers - Car Prices - Bikes Prices
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.