Live Updates

”ویمن بل “ ایک فراڈ اور قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے، ہماراسمبلیوں میں بیٹھنے کا جواز ختم ہوگیا۔عمران خان ، دسمبر کے پہلے ہفتے نواز شریف سے ملاقات کے لئے لندن جارہا ہوں، جلد ہی قوم مشترکہ اپوزیشن کے مستعفی ہونے کی خوشخبری سنے گی 2007ء کے عام انتخابات میں آنے والا خاموش انقلاب موجودہ حکمرانوں کو ایوان اقتدار سے نکال باہر کردے گا ،تقریب سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2006 17:16

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22نومبر2006 ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ”ویمن بل “ ایک فراڈ اور قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے جس پر ہمارا موجودہ اسمبلیوں میں بیٹھنے کا جواز ختم ہوگیا ہے ۔ مستعفی ہونے کیلئے تیار ہوں مشترکہ اپوزیشن کے استعفوں کے سلسلے میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں مسلم لیگ ( ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کے لئے لندن جارہا ہوں جلد ہی قوم کو مشترکہ اپوزیشن کے مستعفی ہونے کی خوشخبری ملنے والی ہے آزاد الیکشن کمشن اور آزاد عدلیہ کے بغیر ملک میں انقلاب نہیں آسکتا ۔

2007ء کے عام انتخابات میں آنے والا خاموش انقلاب موجودہ حکمرانوں کو ایوان اقتدار سے نکال باہر کردے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مقامی یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کو دیئے جانے والے ”لیڈر شپ لیکچر “ میں کیا ۔

(جاری ہے)

دوران خطاب عمران خان سے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے سیاسی سماجی اقتصادی آئینی اور سپورٹس کے حوالے سے کھلے سوالات بھی کئے اور تحریک انصاف کے حوالے سے عمران خان کو تندو تیز سوالات کابھی سامنا کرنا پڑا یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں طلبہ و طالبات ے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے خوفزدہ حکمرانوں نے کولن پاؤل کے ایک فون پر امریکہ کا ساتھ دے کر ثابت کردیا ہے کہ اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے وہ اس سے بھی آگے جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ نہیں ہوتا جو مشکل وقت میں بیٹھ جائے لیڈر وہ ہوتا ہے جس کا ویژن بڑا واضح ہو اور وہ مشکل وقت میں اپنے اصولوں نظریات پر سودے بازی کی بجائے اصول موقف پر سٹینڈ لے مگر موجودہ حکمرانوں میں سٹینڈ لینے کا کوئی بھی اہل نہیں ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کے اندر پالیسیاں امریکہ کے خوف سے بنتی ہیں اور ہم ایک ٹیلی فون کال پرملک اور قوم کی غیرت اور خود داری کا سودا کردیتے ہیں عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر صدر اور وزیر اعظم نے اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں پر قوم کا ایک ارب روپیہ ضائع کیا ہے انہوں نے اگر دہشت گردی کے خلاف دنیا میں ممالک کے ساتھ معاہدے کرنے ہیں تو وہ ملک کے اندر ہی رہ کر سکتے ہیں مگر ہمارے حکمرانوں کو عادت پڑ گئی ہے کہ وہ کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔

عمران خان نے کہا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ پاک سرزمین پر بسنے والی 16کروڑ کی شیر دل قوم اور ایٹمی پاکستان جو ایف سولہ طیاروں سمیت دیگر عسکری آلات سے لیس ہے اور اس کے باوجود ہمارے موجودہ حکمران امریکہ کے بوٹ پالش کرنے میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ جب میری جماعت کے قیام کے خلاف 5ماہ ہوئے تھے تو مجھے حکمران جماعت کے ساتھ سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے پیش کش کی گئی اور صدر مشرف نے خود ایک انٹرویو میں کہا کہ میں وزارت عظمی کا ان کی طرف سے ایک امیدوار تھا مگر میں نے چوروں کے ساتھ اتحاد اور سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ کی پیش کش کو مسترد کردیا اس لئے کہ میں شارٹ کٹ عزیز نہیں بننا چاہتا تھا اور نہ ہی چور دروازے سے قوم پر موجودہ حکمرانوں کی طرح مسلط ہونا چاہتا تھا اور اگر اسٹیبلشمنٹ کی مان کر اقتدار میں آبھی جاتا تو میرا بھی وہی حشر ہوتا جو میر ظفر اللہ خان جمالی کا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی عدم فراہمی اور سماجی تفریق اور تقسیم کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے عوام مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ 2007ء کے عام انتخابات کے ذریعے آنے والا خاموش انقلاب حکمرانوں کو ایوان کے اقتدار سے نکال باہر کردے گا جس کے خوف سے حکمرانوں نے ابھی بھی دھاندلی کے پلان چاک آؤٹ کرلئے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات