نواز شریف کو اسلام آباد سے دوبارہ جلاوطن کرکے جدہ پہنچادیا گیا، کراچی کا بول کر دھوکے سے لے جایا گیا ، کلثوم نواز ، نواز لیگ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔اپ ڈیٹ

پیر 10 ستمبر 2007 19:18

جدہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2007ء) مسلم لیگ نواز کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو اسلام آباد سے دوبارہ جلاوطنی کے بعد جدہ پہنچادیا گیا ہے ۔جدہ ایئرپورٹ پر کے شاہی ٹرمینل پر لینڈنگ کے بعد ان کو ایک گاڑی میں شریف پیلس منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے حساس اداروں کے حکام بھی نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے ۔

بیگم کلثوم نواز نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف نے ان کو بتایا ہے کہ حکام نے کراچی لے جانے کا کہہ کر جدہ پہنچادیا۔ کلثوم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نیب کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کے خلاف کراچی میں مقدمات چلائے جائیں گے تاہم ان کو دھوکے سے جدہ پہنچادیا گیا۔ مسلم لیگ نون کے قائد کو سات سال بعد وطن واپسی پر گرفتار کر کے ایک بار پھر جلا وطن کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو خصوصی طیارے میں جدہ روانہ کیا گیا ۔اس سے پہلے بتایاگیا تھاکہ نواز شریف کو آج صبح وطن واپسی کے بعد اسلام آباد ائرپورٹ سے گرفتار کرکے پنجاب حکومت کی تحویل میں دیا گیا ہے ۔تاہم بعد میں ان کے ملک بدر ہونے کی تصدیق ہوگئی۔۔اس سے پہلے اسلام آباد آمد کے بعد دس رکنی ٹیم نے نواز شریف کے ساتھ مذاکرات کئے ۔ ۔اس دوران نواز شریف نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کسی دوسرے مقام پر منتقل ہونے سے انکار کردیا اور نوے منٹ کے بعد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ طیارے سے باہر آکر ائیر پورٹ کے راول لاؤنج پہنچ گئے ۔

جہاں ان کے ساتھ مذاکرات کئے گئے ۔ نواز شریف کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم میں تین سعودی حکام بھی شامل تھے ۔بعد میں سرکاری حکام نے بتایا کہ نواز شریف کو منی لانڈرنگ کیس کے تحت گرفتار کرلیاگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری کے دوران سرکاری اہلکاروں نے نواز شریف کے ساتھ بدسلوکی ۔لیکن بعد میں نواز شریف کو ملک بدر کرکے جدہ روانہ کردیا گیا۔

۔دوسری جانب مسلم نواز کے رہنما ؤں خواجہ آصف اور دیگر نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مبینہ طور پر حبس بے جا میں رکھے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کردی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جلاوطنی کے خلاف کل سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست میں صدر جنرل پرویز مشرف، وزیراعظم شوکت عزیز اور انتظامیہ کو فریق بنایا جائے گا۔